وزارتی عہدوں کے لالچ میں اے آئی اے ڈی ایم کے کے کچھ ایم ایل ایز نے کراس ووٹنگ کا سہارا لیا: پلانی سوامی
نئی دہلی
اے آءی اے ڈی ایم کےکے جنرل سکریٹری ای کے پلانی سوامی نے الزام لگایا ہے کہ پارٹی کے کچھ اراکینِ اسمبلی نے بدھ کے روز ٹی وی کے حکومت کے اکثریتی امتحان کے دوران وزارت کے ’’لالچ‘‘ میں آکر کراس ووٹنگ کی، اور ان کا یہ قدم ’’غیر مناسب اور غیر قانونی‘‘ تھا۔
سینئر لیڈروں ایس پی ویلومنی اور سی وی شَنمُگم کی قیادت میں اے آئی اے ڈی ایم کے کے کل 25 اراکینِ اسمبلی نے سی جوزف وجے کی قیادت والی حکومت کو اعتماد کے ووٹ کے دوران حمایت دی تھی۔
پلانی سوامی نے اسمبلی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 2011 سے اے آئی اے ڈی ایم کے کی کامیابیوں اور عوامی فلاحی اقدامات کو عوام کے سامنے رکھ کر 47 اسمبلی نشستیں جیتی ہیں۔ زمینی سطح سمیت پارٹی کے تمام کارکنوں نے پارٹی کی کامیابی یقینی بنانے میں تعاون دیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ویلومنی گروپ نے اسمبلی میں ٹی وی کے کی حمایت کر کے پارٹی عہدیداروں کے ساتھ ’’غداری‘‘ کی ہے۔پلانی سوامی نے دعویٰ کیا کہ کچھ لوگ کابینہ میں وزیر بننے کے لالچ میں آ گئے اور دوسروں کو بھی غلط راستے پر لے گئے۔ یہ غیر قانونی اور انصاف کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے جیت یا ہار عام بات ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ایسا صرف اے آئی اے ڈی ایم کے کے ساتھ نہیں ہوا، ڈی ایم کے کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پلانی سوامی نے دعویٰ کیا کہ اگرچہ وجے کی قیادت والی ٹی وی کے نے حکومت بنا لی ہے، لیکن اے آئی اے ڈی ایم کے نے اپنے 47 اراکینِ اسمبلی اور اتحادی جماعتوں پی ایم کے ، بی جے پی اور اے ایم ایم کے کے چھ اراکینِ اسمبلی کے ساتھ ’’بڑی کامیابی‘‘ حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے طور پر انہیں وہِپ مقرر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
پلانی سوامی نے دعویٰ کیا کہ وہِپ ایس ایس کرشنامورتی نے ایس ایم ایس، ای میل اور رجسٹرڈ ڈاک کے ذریعے تمام اراکینِ اسمبلی کو مطلع کیا تھا کہ پارٹی اعتماد کے ووٹ میں حکومت کے خلاف ووٹ دے گی۔