نئی دہلی: بھارت کے سب سے ہائی پروفائل اور پراسرار مقدمات میں سے ایک، 2005 کے “سہراب الدین شیخ مبینہ فیک انکاؤنٹر کیس” میں آج بمبئی ہائی کورٹ نے بڑا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت کے چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے اور جسٹس گوتم اے انکھڈ کی بینچ نے نچلی عدالت کے اس فیصلے کو برقرار رکھا ہے جس میں 22 ملزمان (جن میں 21 پولیس اہلکار شامل تھے) کو بری کر دیا گیا تھا۔
عدالت نے اس فیصلے کے خلاف سہراب الدین کے بھائی رباب الدین شیخ کی اپیل کو مسترد کر دیا۔ سہراب الدین کے بھائی کے وکیل گوتم تیواری نے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ صرف ایک مختصر حکم ہے اور مکمل تفصیلی فیصلہ ابھی آنا باقی ہے۔ ان کے مطابق تفصیلی حکم کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ اپیل کن بنیادوں پر خارج کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ جانے کے بارے میں فیصلہ روباب الدین اور ان کے خاندان سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ یہ کیس 2005 کے مبینہ “فرضی انکاؤنٹر” سے متعلق ہے جس میں پولیس اور سیاسی حلقوں پر سنگین الزامات لگے تھے۔ مجموعی طور پر 38 افراد کو ملزم بنایا گیا تھا اور 210 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے تھے، لیکن بعد میں 92 گواہ اپنے بیانات سے منحرف ہو گئے جس سے کیس کمزور ہو گیا
۔ 21 دسمبر 2018 کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے ثبوتوں کی کمی کی بنیاد پر تمام 22 ملزمان کو بری کر دیا تھا، اور اسی فیصلے کو 2019 میں بمبئی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا جسے اب خارج کر دیا گیا ہے۔ اس کیس میں 2005 میں سہراب الدین، ان کی اہلیہ کوثر بی اور ساتھی تولسی رام پرجاپتی سے متعلق مبینہ ماورائے عدالت ہلاکتوں کے الزامات شامل تھے، جنہوں نے اسے ایک طویل اور متنازعہ مقدمہ بنا دیا