چار دسمبر کو ہوگا کسانوں کے احتجاج کو ختم کرنے کا فیصلہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-11-2021
چار دسمبر کو ہوگا کسانوں کے احتجاج کو ختم کرنے کا فیصلہ
چار دسمبر کو ہوگا کسانوں کے احتجاج کو ختم کرنے کا فیصلہ

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

مرکزی حکومت کسانوں کی تحریک پر پوری طرح سے حرکت میں آگئی ہے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں  زرعی قوانین کی واپسی کے  بعد اب ایم ایس پی کمیٹی پر کارروائی شروع ہو گئی ہے۔

مرکز نے کمیٹی کے لیے سنیوکت کسان مورچہ (ایس کے ایم) سے 5 کسان رہنماؤں کے نام مانگے ہیں۔ کسان لیڈر منجیت سنگھ رائے نے کہا کہ اس کی فہرست کل جاری کی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہریانہ کے سی ایم منوہر لال کھٹر نے بھی کہا کہ وہ کسانوں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کے لیے تیار ہیں۔

پنجاب حکومت پہلے ہی اس کے لیے رضامندی دے چکی ہے۔ اب 4 دسمبر2021 کو ایس کے ایم کی میٹنگ میں کسانوں کے احتجاج کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔سنگھو بارڈر پر پنجاب کی 32 کسان تنظیموں کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ کسانوں کی زیادہ تر تنظیمیں اب تحریک کو ختم کرنے کے حق میں ہیں، حالانکہ راکیش ٹکیت اور گرنام چودھونی تحریک کو جاری رکھنے پر اٹل ہیں۔

تاہم ہر کوئی اس کا متفقہ حل چاہتا ہے۔ اس میٹنگ کے بعد کسان لیڈر ہریندر سنگھ لکھووال نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ہم سے 5 ارکان کی فہرست مانگی ہے۔ہم ایک دو دن میں فہرست دے دیں گے۔ ہمارے خلاف ہریانہ، چندی گڑھ اور ریلوے کے مقدمات بھی درج ہیں۔ ہریانہ نے میٹنگ بلائی ہے اور اتر پردیش میں بھی فہرست تیار کی جارہی ہے۔ اب 4 دسمبر کو ہم سنیوکت کسان مورچہ کی میٹنگ بلائیں گے۔

اس کے بعد کسانوں کی تحریک پر فیصلہ کیا جائے گا۔ سنگھو بارڈر پر ہلچل مچ گئی، کسان اپنا سامان باندھ رہے ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ جب ایس کے ایم کی طرف سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا تب ہی وہ سرحد سے نکلیں گے۔

کسانوں کے کیس واپس

مرکزی وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق وزارت نے تمام ریاستوں کو کسانوں کے احتجاج کے دوران درج کئے گئے مقدمات واپس لینے کی ہدایت دی ہے۔ ہریانہ کے کسان لیڈروں نے بھی بدھ کو چیف منسٹر منوہر لال کھٹر سے کیس واپس لینے کے لیے میٹنگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

منوہر لال کھٹر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ کسانوں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کے لیے تیار ہیں۔ پنجاب حکومت پہلے ہی اس کے لیے رضامندی دے چکی ہے۔ لکھووال کے مطابق ہمارے خلاف ہریانہ، چندی گڑھ اور ریلوے کے مقدمات بھی درج ہیں۔ ہریانہ نے میٹنگ بلائی ہے اور اتر پردیش میں بھی فہرست تیار کی جارہی ہے۔

 پنجاب کے کسان وطن واپسی پر راضی ہیں

 مرکزی حکومت نے زرعی اصلاحات کے تین قوانین کو واپس لے لیا ہے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پاس ہونے کے بعد اب اس پر صدر کی مہر رہ گئی ہے۔ پیر کو پنجاب کی کسان تنظیموں نے ملاقات کے بعد وطن واپسی پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے باقی مطالبات کے تعلق سے مرکزی حکومت کو ایک دن کا الٹی میٹم دیا تھا۔ گھر واپسی کے بارے میں رسمی طور پر کچھ نہیں کہا جا رہا ہے، لیکن 4 دسمبر کو ایس کے ایم کی طرف سے اس کی منظوری دی جا سکتی ہے۔