امپھال/ آواز دی وائس
منی پور کے مختلف اضلاع سے دو شدت پسندوں اور دو مبینہ اسلحہ ڈیلروں سمیت چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے بدھ کے روز یہ جانکاری دی۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ممنوعہ تنظیم پریپاک (جی-5) کے ایک سرگرم رکن کو منگل کے روز امپھال مشرقی ضلع کے کیئی بی ہیئیکاک ماپن علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ ممنوعہ تنظیم پیپلز لبریشن آرمی کے 45 سالہ رکن کو کاکچنگ ضلع کے کاکچنگ کھُناؤ میں واقع اس کے رہائشی علاقے سے حراست میں لیا گیا۔ بیان کے مطابق، منگل کے روز امپھال مشرق کے پوروم پٹ پولیس تھانہ علاقے میں دو دیگر افراد کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
اس کے علاوہ امپھال مشرقی ضلع کے کیئی بی آوانگ لیکائی یائیبیرل علاقے سے دو مبینہ اسلحہ اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ دو سال قبل نسلی تشدد بھڑکنے کے بعد سے منی پور میں تلاشی مہم مسلسل جاری ہے۔ مئی 2023 سے میئتی اور کوکی-زو گروہوں کے درمیان نسلی تشدد میں 260 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ کے استعفے کے بعد مرکز نے 13 فروری کو ریاست میں صدر راج نافذ کر دیا تھا، جبکہ ریاستی اسمبلی کو معطل کر دیا گیا ہے۔