بہرائچ (اترپردیش) [ہندستان] 13 اکتوبر (اے این آئی)۔ بہرائچ کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) رام سنگھ یادو نے بتایا کہ 9 ستمبر سے اب تک قیصرگنج تحصیل کے مجھارا ٹوکلی علاقے میں بھیڑیوں کے حملوں میں چھ افراد ہلاک اور تقریباً پچیس سے چھبیس افراد زخمی ہو چکے ہیں۔یادو نے مزید بتایا کہ محکمہ جنگلات اور مقامی انتظامیہ ان بھیڑیوں کو پکڑنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اس کارروائی میں ایک بھیڑیا ہلاک کیا جا چکا ہے، دوسرا زخمی ہوا ہے جبکہ دو ابھی تک لاپتہ ہیں۔
اتوار کو اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے رام سنگھ یادو نے کہا کہ قیصرگنج تحصیل کے مجھارا ٹوکلی علاقے میں 9 ستمبر سے بھیڑیوں کے حملوں کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔ اب تک چھ افراد ہلاک اور پچیس سے چھبیس افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ محکمہ جنگلات اور مقامی انتظامیہ مسلسل ان بھیڑیوں کو پکڑنے اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ اس دوران 28 ستمبر کو ایک بھیڑیا گولی مار کر ہلاک کیا گیا، دوسرے کو ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی کیا گیا، جبکہ تیسرا نشانہ تو بنایا گیا مگر وہ فرار ہو گیا۔ ہم اس وقت دو لاپتہ بھیڑیوں کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یادو نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے افسران تلاش کی کارروائی کر رہے ہیں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کل تیس ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جن میں چار ڈرون ٹیمیں شامل ہیں، جو چھ تھرمل ڈرونز سے لیس ہیں تاکہ علاقے کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔
رام سنگھ یادو کے مطابق ہماری ٹیمیں اور افسران تلاش کی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں اور عوامی نمائندوں و مقامی باشندوں کے ساتھ میٹنگیں کر کے انہیں ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ بچوں کو گھروں میں محفوظ رکھیں، باہر جاتے وقت احتیاط برتیں اور متعلقہ معلومات فوراً شیئر کریں۔ فی الحال تیس ٹیمیں، جن میں چار ڈرون ٹیمیں چھ تھرمل ڈرونز اور پانچ آپریٹروں کے ساتھ شامل ہیں، مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ چار پنجروں اور بیس سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ اتنی ہی تعداد میں تھرمل سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ مقامی گروپ بھی تشکیل دیے گئے ہیں تاکہ فوری معلومات کا تبادلہ ممکن ہو سکے۔
قبل ازیں، 27 ستمبر کو اترپردیش حکومت نے انسان اور جنگلی جانوروں کے درمیان تصادم کو آفت قرار دیا تھا، جس کے تحت مرنے والوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے تک کی مالی امداد اور زخمیوں کو سرکاری مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔