ایس آئی ٹی تحقیقات سے ایودھیا عطیہ کیس میں بڑے گھوٹالہ کا پردہ فاش ہوسکتا ہے: پرینکا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-06-2026
ایس آئی ٹی تحقیقات سے ایودھیا عطیہ کیس میں بڑے گھوٹالہ کا پردہ فاش ہوسکتا ہے: پرینکا
ایس آئی ٹی تحقیقات سے ایودھیا عطیہ کیس میں بڑے گھوٹالہ کا پردہ فاش ہوسکتا ہے: پرینکا

 



لکھنؤ
شیو سینا (ادھو ٹھاکرے گروپ) کی رہنما پریانکا چترویدی نے بدھ کے روز ایودھیا رام مندر چندہ تنازع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اتر پردیش حکومت کی جانب سے قائم کی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم  کی جانچ سے ایک اور بڑا گھوٹالہ بے نقاب ہو سکتا ہے۔
عقیدت مندوں کے چندے میں مبینہ خرد برد کو ان کے اعتماد اور عقیدت سے غداری قرار دیتے ہوئے چترویدی نے معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عقیدت مندوں کے پیسے چرانے سے بڑا کوئی گناہ نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو عقیدت مند مکمل بھروسے اور عقیدت کے ساتھ آتے ہیں، بی جے پی جس کے سائے تلے یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ رام مندر انہی کی وجہ سے بنا، وہاں اتنا بڑا گھوٹالہ سامنے آیا ہے۔پریانکا چترویدی نے دعویٰ کیا کہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات مندر کے مالی معاملات سے جڑے ایک بڑے "گھوٹالے" کو بے نقاب کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ایس آئی ٹی حقائق سامنے لائے گی اور جو چیزیں اب ظاہر ہو رہی ہیں، ایک اور بڑا گھوٹالہ سامنے آئے گا، کیونکہ یہ لوگ صرف ووٹ حاصل کرنے کے لیے سیاست کرتے ہیں، ان کے پاس نہ عقیدہ ہے اور نہ روحانیت۔ان کے یہ بیانات ایودھیا رام مندر میں چندے کی رقم میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات کے درمیان سامنے آئے ہیں۔
14 جون کو اتر پردیش حکومت نے شری رام جنم بھومی مندر ٹرسٹ کی درخواست پر مندر میں دیے گئے نذرانوں اور چندے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے تین رکنی ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔
اس کمیٹی میں لکھنؤ کے ڈویژنل کمشنر وجے وشواس پنت (آئی اے ایس)، انسپکٹر جنرل کرن ایس (آئی پی ایس) اور محکمہ خزانہ کے خصوصی سیکریٹری نیل رتن شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد ابتدائی اور حتمی رپورٹ پیش کرے۔
اس سے قبل 12 جون کو شیو سینا (ادھو ٹھاکرے دھڑا) کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے راوت نے مرکز اور اتر پردیش کی بی جے پی حکومتوں پر الزام عائد کیا تھا کہ ایودھیا رام مندر میں جمع ہونے والے نذرانوں میں سے 7 کروڑ روپے کی مبینہ خرد برد کی ذمہ داری انہی پر عائد ہوتی ہے۔
یہ تنازع ایودھیا کے سابق رکنِ اسمبلی پون پانڈے کے الزامات کے بعد شروع ہوا، جن کا دعویٰ تھا کہ کم از کم 7 کروڑ روپے کے چندے میں خرد برد کی گئی ہے۔
اس وقت ان الزامات کی تحقیقات جاری ہیں اور ایس آئی ٹی کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔