گُواہاٹی/ آواز دی وائس
معروف گلوکار جوبین گرگ کی موت کے حالات کی تفتیش کر رہی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے جمعہ کے روز اس معاملے میں گُواہاٹی کی چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی۔
افسران کے مطابق 3,500 سے زائد صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کو ثبوتوں کے ساتھ چار بکسوں میں بھر کر عدالت لایا گیا۔ نو رکنی ایس آئی ٹی چھ گاڑیوں کے قافلے میں عدالت پہنچی۔ معروف گلوکار جوبین گرگ کی 19 ستمبر کو سنگاپور میں سمندر میں تیرتے وقت پراسرار حالات میں موت ہو گئی تھی۔
اسام حکومت نے گرگ کی موت کی تحقیقات کے لیے خصوصی پولیس ڈائریکٹر جنرل ایم پی گپتا کی قیادت میں ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ گپتا نے اس سے پہلے بتایا تھا کہ اس معاملے میں اب تک سات گرفتاریاں ہو چکی ہیں، جن میں مہوتسو کے مرکزی منتظم شیام کانُو مہنت بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 300 سے زیادہ گواہوں سے پوچھ گچھ بھی کی جا چکی ہے۔
وزیر اعلیٰ ہیمنت وِشوا شرما نے حال ہی میں اختتام پذیر اسمبلی اجلاس میں دعویٰ کیا تھا کہ گرگ کی موت "صاف طور پر قتل" تھی۔
سنگاپور پولیس فورس بھی اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ ایس پی ایف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ابتدائی جانچ میں کسی بھی طرح کی گڑبڑی کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے اور معاملے کی مکمل تفتیش میں مزید تین ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔