بہار انتخابات میں ایس آئی آر ایک مسئلہ ہے:اویسی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-10-2025
بہار انتخابات میں ایس آئی آر ایک مسئلہ ہے:اویسی
بہار انتخابات میں ایس آئی آر ایک مسئلہ ہے:اویسی

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین  کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں خصوصی انتخابی فہرست نظرِثانی کے عمل کو ایک اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے یہ مشق "جلدی بازی" میں انجام دی ہے، جبکہ شہریت کی جانچ کا اختیار وزارتِ داخلہ کے دائرۂ کار میں آتا ہے۔  اویسی نے کہا کہ اگر ان لوگوں نے جن کے نام انتخابی فہرست سے حذف کیے گئے ہیں، اپنی تفصیلات کی جانچ نہیں کی، تو "پولنگ کے دن ایک نیا ہنگامہ دیکھنے کو ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اے آئی ایم آئی ایم کی بہار یونٹ کے صدر اخترالایمان نے اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ بہار میں انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے ۔ 6 اور 11 نومبر کو، جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر مکمل ہونے کے بعد انتخابی تاریخوں کا اعلان کیا۔ اویسی نے الزام لگایا کہ ابتدائی فہرست میں 65 لاکھ نام ہٹا دیے گئے تھے اور اب کمیشن نے مزید 3.5 لاکھ ووٹروں کے نام حذف کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار ایک وسیع اور دیہی آبادی والا صوبہ ہے، لیکن الیکشن کمیشن نے یہ ایس آئی آر مشق صرف جون میں ہی شروع کر دی۔
اویسی کے مطابق، ایس آئی آر ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ہماری پارٹی کی جانب سے اخترالایمان نے ذاتی طور پر سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ اگر جن کے نام حذف کیے گئے ہیں وہ چیک نہیں کریں گے تو پولنگ کے دن نیا تنازعہ کھڑا ہوگا۔ 65 لاکھ نام ہٹا دیے گئے اور اب مزید 3.5 لاکھ۔ اب ان 3.5 لاکھ کی دوبارہ جانچ کرنی ہوگی۔ سوال یہ ہے کہ اتنی جلدی کیوں کی گئی؟ تھوڑا وقت لیا جا سکتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ  بی ایل او  پر بے پناہ دباؤ ڈالا گیا، اور خطرناک بات یہ ہے کہ نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ اگر وہ کسی ووٹر کے گھر دو یا تین بار جائیں اور وہ نہ ملے تو معاملہ غیر ملکی شہریت ایکٹ کے تحت مجاز اتھارٹی کو اطلاع دی جائے۔ تو بتائیے، یہ کیسے ممکن ہے؟ شہریت کی تصدیق آپ کا کام نہیں  یہ وزارتِ داخلہ کا اختیار ہے۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ ماہ بہار اسمبلی انتخابات کے لیے حتمی انتخابی فہرست جاری کی تھی۔
حتمی فہرست کے مطابق کل ووٹروں کی تعداد 7.42 کروڑ ہے، جبکہ 24 جون تک یہ تعداد 7.89 کروڑ تھی۔ کمیشن کے مطابق 65 لاکھ ووٹروں کے نام حذف کیے گئے، جبکہ 21.53 لاکھ نئے ووٹر شامل کیے گئے، جس سے حتمی تعداد 7.42 کروڑ تک پہنچی۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس ایس آئی آر عمل کے طریقہ کار پر اعتراض جتایا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ باقاعدہ اجلاس کیے گئے تاکہ انہیں عمل سے باخبر رکھا جا سکے۔
کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ ایس آئی آر کا عمل آئین کے آرٹیکل 326 اور الیکشن کمیشن کے اصول  ‘کوئی اہل ووٹر چھوٹے نہیں اور کوئی نااہل ووٹر شامل نہ ہو’ — کے مطابق انجام دیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ اگر کوئی اہل شخص اب بھی اپنا نام فہرست میں شامل کروانا چاہتا ہے تو وہ نامزدگیوں کی آخری تاریخ سے دس دن قبل درخواست دے سکتا ہے۔
اسی دوران، سپریم کورٹ نے جمعرات کو بہار اسٹیٹ لیگل سروس اتھارٹی  کو ہدایت دی کہ وہ اپنے ضلعی اداروں کے ذریعے ان ووٹروں کی مدد کرے جن کے نام ایس آئی آر کے بعد حتمی فہرست سے خارج کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ الیکشن کمیشن میں اپیل داخل کر سکیں۔
عدالت نے کہا کہ بی ایس ایل ایس اے کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ پیرالیگل والنٹیئرز اور قانونی امداد فراہم کرنے والے وکلا دستیاب ہوں تاکہ خارج کیے گئے افراد مفت قانونی امداد حاصل کر سکیں اور اپنی اپیلیں جمع کرا سکیں۔