نئی دہلی
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک منو سنگھوی نے بدھ کے روز کانگریس امیدوار مینکشی نٹراجن کے مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے نامزدگی فارم مسترد کیے جانے کے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو "2+2=7" کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکم قانونی طور پر ناقابلِ قبول ہے اور قانون کی مکمل غلط تشریح پر مبنی ہے۔
نئی دہلی میں الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنگھوی نے کہا کہ پارٹی نے تفصیلی قانونی دلائل پیش کیے ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ آر او کا فیصلہ "من مانی" اور نمائندگیِ عوام ایکٹ کی دفعات کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو بتایا ہے اور ہم نے یہ ثابت کیا ہے کہ آر او نے ایک ایسا من مانی فیصلہ دیا ہے جو 2+2=7 لکھنے کے مترادف ہے، نہ کہ 4۔کانگریس کے ایک وفد نے، جس میں کے سی وینوگوپال، جے رام رمیش، رندیپ سنگھ سرجےوالا، ویویک تانکھا، دگ وجے سنگھ، بھوپیش بگھیل اور مینکشی نٹراجن شامل تھے، الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کی۔
سنگھوی نے پارٹی کے قانونی مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے نمائندگیِ عوام ایکٹ کی دفعہ 33A کا حوالہ دیا، جس کے مطابق صرف انہی مقدمات میں معلومات دینا لازم ہے جہاں عدالت کی جانب سے باضابطہ طور پر الزامات طے کیے گئے ہوں اور جرم کی سزا دو سال سے زیادہ ہو۔
ان کے مطابق، ریٹرننگ آفیسر نے جس کیس کا حوالہ دیا ہے وہ ابھی اس مرحلے پر بھی نہیں پہنچا تھا کہ عدالت نے اس کا نوٹس لیا ہو، یعنی نہ تو نوٹس کے بعد کوئی باضابطہ سماعت ہوئی اور نہ ہی الزامات طے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ مس نٹراجن کو صرف عدالت میں پیش ہو کر یہ وضاحت دینے کا نوٹس ملا تھا کہ آیا کیس کا نوٹس لیا جائے یا نہیں۔ جب تک نوٹس پر فیصلہ نہیں ہوتا، اس وقت تک کوئی فوجداری مقدمہ قانون کی نظر میں موجود ہی نہیں ہوتا۔
کانگریس رہنما نے مؤقف اختیار کیا کہ نامزدگی کو اس مرحلے پر مسترد کیا گیا ہے جو قانون کے مطابق درکار تقاضوں سے بہت پہلے ہے، اور اسے انہوں نے "انتہائی سنگین، واضح اور غیر قانونی فیصلہ" قرار دیا۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے آئین کے آرٹیکل 324 کے تحت فوری اصلاحی اقدامات اٹھانے کی اپیل کی تاکہ امیدواروں کو بعد میں طویل قانونی کارروائیوں پر مجبور نہ ہونا پڑے۔
سنگھوی نے ہریانہ اور گجرات کے ان مثالوں کا بھی حوالہ دیا جہاں الیکشن کمیشن نے نامزدگی کے غلط مسترد ہونے کے معاملات میں مداخلت کی تھی۔کانگریس کے جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی نے اپنے تحفظات انتخابی کمیشن کے سامنے رکھ دیے ہیں اور امید ظاہر کی کہ معاملے کو جلد دیکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے بتایا ہے کہ وہ اس پر غور کریں گے۔
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب مدھیہ پردیش سے کانگریس کی راجیہ سبھا امیدوار مینکشی نٹراجن کے نامزدگی کاغذات منگل کے روز مسترد کر دیے گئے۔ راجیہ سبھا کے انتخابات 18 جون کو ہونے والے ہیں