سنگاپور/ آواز دی وائس
سنگاپور پولیس فورس نے مشہور گلوکار زوبین گرگ کی موت کے حوالے سے پھیل رہی افواہوں اور گمراہ کن خبروں پر باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں اور فی الحال کسی بھی مشکوک سرگرمی یا سازش کا شبہ نہیں پایا گیا ہے۔ ایس پی ایف (سنگاپور پولیس فورس) کے مطابق زوبین گرگ کی موت کا معاملہ سنگاپور کے "کرونرز ایکٹ 2010" کے تحت جانچ میں ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں قتل یا کسی سازش کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔
پولیس نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے میں تین ماہ تک کا وقت لگ سکتا ہے، جس کے بعد رپورٹ سنگاپور کے اسٹیٹ کرونر کو پیش کی جائے گی۔ اس کے بعد کرونر یہ طے کرے گا کہ آیا کسی باضابطہ کرونر انکوائری کی ضرورت ہے یا نہیں۔ یہ ایک عدالتی عمل ہوتا ہے جس میں موت کے حقیقی اسباب اور حالات کی تصدیق کی جاتی ہے۔ سنگاپور پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے نتائج عوام کے سامنے جاری کیے جائیں گے۔ پولیس نے مزید کہا کہ اگرچہ تحقیقات ابھی جاری ہیں، لیکن 1 اکتوبر 2025 کو زوبین گرگ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ابتدائی نتائج کی ایک نقل ہندوستانی ہائی کمیشن کو ان کی درخواست پر فراہم کر دی گئی تھی۔
ایس پی ایف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں۔
یاد رہے کہ زوبین گرگ، جو آسام کے معروف گلوکار اور ثقافتی علامت تھے، کی 19 ستمبر 2025 کو سنگاپور میں اسکو با ڈائیونگ کے دوران موت واقع ہو گئی تھی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق زوبین گرگ جب اسکو با ڈائیونگ کر رہے تھے تو اس دوران ایک حادثہ پیش آیا۔ سنگاپور پولیس نے فوری طور پر انہیں سمندر سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، لیکن طبی نگہداشت کے باوجود ان کی جان نہیں بچائی جا سکی۔