وارانسی (اتر پردیش): کاشی ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں واقع عجائب شہید مزار اور ایک مسجد کو زمین کی ملکیت سے متعلق تنازعے میں عدالت کے حکم کے بعد بدھ کے روز سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان منہدم کر دیا گیا۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ مسلم فریق کا مؤقف ہے کہ یہ تعمیرات کافی عرصے سے موجود تھیں اور مسجد کئی سو سال قدیم تھی۔ تاہم انتظامیہ کے مطابق متعلقہ زمین ریلوے کی پرانی ملکیت ہے جس پر وقت کے ساتھ قبضہ کر لیا گیا تھا۔
قانون و نظم برقرار رکھنے کے لیے ریلوے اسٹیشن کے اطراف بڑی تعداد میں پولیس، پی اے سی (پروونشل آرمڈ کانسٹیبلری) اور آر پی ایف (ریلوے پروٹیکشن فورس) کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ 2024 میں شروع کیے گئے کاشی ماڈل ریلوے اسٹیشن پروجیکٹ کے تحت زمین کے سروے کے دوران سامنے آیا تھا۔
ایک افسر نے بتایا: "زمین کی پیمائش اور ریکارڈ کی جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ یہ مقام ریلوے کی ملکیت میں شامل ہے۔ اس کے بعد قابضین کو جگہ خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔" حکام کے مطابق جب زمین خالی نہیں کی گئی تو معاملہ عدالت میں پہنچا۔
حال ہی میں عدالت نے مزار اور دیگر متعلقہ تعمیرات پر حق ملکیت کا دعویٰ کرنے والے فریقین کے خلاف فیصلہ سنایا۔ عدالتی فیصلے کے بعد ریلوے نے تعمیرات ہٹانے کا نوٹس جاری کیا، لیکن اس پر عمل نہ ہونے کے باعث انتظامیہ نے منگل کی رات انہدامی کارروائی شروع کر دی۔ حکام نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس مقام پر پہلے ایک ہنومان مندر موجود تھا، جو بعد میں علاقے پر قبضے کے دوران ختم ہو گیا تھا۔