افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ- سیاسی حلقوں کا اظہارِ دکھ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2025
"افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ- سیاسی حلقوں کا اظہارِ دکھ

 



 نئی دہلی: ملک کے اہم رہنماؤں نے پیر کی شام دہلی کے تاریخی لال قلعے کے قریب ہونے والے زوردار دھماکے پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اس دھماکے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔

مرکزی وزیر پارلیمانی امور کرن رجیجو نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا، ’’دہلی میں کار دھماکہ انتہائی چونکانے والا اور افسوسناک ہے۔ میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا میری دعائیں اور ہمدردیاں اس سانحے سے متاثر تمام لوگوں کے ساتھ ہیں۔‘‘پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہیے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

انہوں نے لکھا، ’’دہلی کے لال قلعے کے قریب بم دھماکے کیافسوسناک خبر ملی ہے، جس میں کئی لوگوں کی جان گئی ہے اور کچھ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دارالحکومت میں پیش آنے والا المناک واقعہ ہے۔ اس کی اعلیٰ سطحی جانچ ہونی چاہیے اور قصورواروں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ہم خدا سے دعا کرتے ہیں کہ جاں بحق افراد کی روحوں کو سکون نصیب ہو اور زخمی جلد صحتیاب ہوں۔‘‘

راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے بتایا کہ دھماکے کے بعد ریاست کی تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ رہنے، چوکسی بڑھانے اور سخت نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’دہلی میں ہونے والا یہ دھماکہ نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ میں ان شہریوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔ خدا مرحومین کو سکون اور زخمیوں کو جلد مکمل صحتیابی عطا کرے۔‘‘

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بھی اپنے بیان میں کہا، ’’دہلی میں ہونے والے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتا ہوں۔‘‘

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی جاں بحق افراد کے لیے اظہارِ افسوس کیا۔انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’دہلی میں ہونے والے دھماکے میں جانوں کے نقصان پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، اور میں دعا کرتا ہوں کہ زخمی جلد صحتیاب ہوں۔‘‘

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مطابق، پیر کی شام سات بجے دہلی کے لال قلعے کے قریب سوبھاش مارگ ٹریفک سگنل پر ایک ہنڈائی آئی 20 کار میں دھماکہ ہوا، جس میں کچھ راہگیر زخمی ہوئے اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔انہوں نے اے این آئی کو بتایا کہ اطلاع ملنے کے 10 منٹ کے اندر دہلی کرائم برانچ اور اسپیشل برانچ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔امیت شاہ نے کہا، ’’ہم ہر پہلو سے تفتیش کر رہے ہیں۔ تمام امکانات کو مدِنظر رکھتے ہوئے مکمل جانچ کی جائے گی، اور نتائج عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔‘‘