شیوکمار نے کرناٹک کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-06-2026
شیوکمار نے کرناٹک کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا
شیوکمار نے کرناٹک کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا

 



بنگلورو
کانگریس کے سینئر رہنما ڈی کے شیوکمار نے بدھ کے روز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی موجودگی میں کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ریاست کے گورنر تھاور چند گہلوت نے 64 سالہ ڈی کے شیوکمار کو لوک بھون کے "گلاس ہاؤس" میں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری کے دوران شیوکمار اپنے ہاتھ میں آئینِ ہند کا نسخہ تھامے ہوئے تھے۔
حلف برداری کی تقریب میں کانگریس کے سینئر رہنما جی پرمیشور اور 12 دیگر رہنماؤں نے بھی وزارت کا حلف لیا۔ تمام رہنماؤں نے آئین کے معمار بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے نام پر حلف اٹھایا۔ جی پرمیشور نئی حکومت میں نائب وزیرِ اعلیٰ ہوں گے۔
نائب وزیرِ اعلیٰ جی پرمیشور کے علاوہ جن 12 رہنماؤں نے وزیر کے طور پر حلف لیا ان میں کے ایچ منی اپّا، کے جے جارج، ایم بی پاٹل، رام لنگا ریڈی، ستیش جارکی ہولی، کرشنا بائری گوڑا، پریانک کھرگے، یو ٹی خادر، ایشور کھنڈرے، یتیندر سدھارمیا، برتھی سریش اور شرن پرکاش پاٹل شامل ہیں۔
یو ٹی خادر اور یتیندر سدھارمیا کے سوا باقی تمام رہنما سابق وزیرِ اعلیٰ سدھارمیا کی قیادت والی کابینہ میں بھی وزیر رہ چکے ہیں۔یو ٹی خادر اب تک کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر تھے، جبکہ یتیندر سدھارمیا سابق وزیرِ اعلیٰ سدھارمیا کے صاحبزادے ہیں۔حلف برداری کی تقریب میں کانگریس صدر ملّیکار جن کھرگے، سابق صدر راہل گاندھی، کانگریس کے تنظیمی جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال، سابق وزیرِ اعلیٰ سدھارمیا، تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی، کیرالہ کے وزیرِ اعلیٰ وی ڈی ستیشن، ہماچل پردیش کے وزیرِ اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو اور دیگر کئی اہم رہنما شریک ہوئے۔
اس موقع پر مختلف مٹھوں کے سربراہان سمیت متعدد مذاہب اور برادریوں کے مذہبی رہنما بھی موجود تھے۔ڈی کے شیوکمار کی کابینہ میں وزیرِ اعلیٰ سمیت اب کل 14 ارکان شامل ہیں۔ اسمبلی میں عددی قوت کے لحاظ سے ریاستی کابینہ میں زیادہ سے زیادہ 34 وزراء شامل کیے جا سکتے ہیں۔
توقع ہے کہ اس ماہ ہونے والے راجیہ سبھا اور قانون ساز کونسل کے انتخابات کے بعد شیوکمار اپنی کابینہ میں مزید توسیع کریں گے۔حلف برداری سے قبل ڈی کے شیوکمار نے ملّیکار جن کھرگے، راہل گاندھی اور کانگریس کے زیرِ اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کا گلدستے پیش کرکے اور کانگریس کا روایتی انگوسترم پہنا کر استقبال کیا۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے انہیں گلے لگا کر مبارکباد بھی دی۔
وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے ساتھ ہی آٹھ مرتبہ رکنِ اسمبلی منتخب ہونے والے ڈی کے شیوکمار کا وہ خواب پورا ہوگیا، جس کے لیے انہوں نے طویل عرصے تک سیاسی جدوجہد کی۔ڈی کے شیوکمار اور سدھارمیا کے درمیان کافی عرصے سے جاری سیاسی کشمکش کا اختتام گزشتہ ہفتے اس وقت ہوا جب سدھارمیا نے وزیرِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
سدھارمیا نے کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر 28 مئی کو وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد جنوبی ہند میں کانگریس کے "بحران موچک" سمجھے جانے والے ڈی کے شیوکمار کے لیے وزیرِ اعلیٰ بننے کی راہ ہموار ہوگئی۔