پٹیالہ تشددمعاملے میں شیوسینا لیڈر ہریش سانگلہ گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
پٹیالہ تشددمعاملے میں شیوسینا لیڈر ہریش سانگلہ گرفتار
پٹیالہ تشددمعاملے میں شیوسینا لیڈر ہریش سانگلہ گرفتار

 

 

آواز دی وائس،پٹیالہ

ریاست پنجاب کے شہر پٹیالہ تشدد معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے جمعہ کی شام شیوسینا لیڈر ہریش سانگلہ کو گرفتار کر لیاہے۔

پولیس نے یہ کارروائی پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کی اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد کی ہے۔ اس کے علاوہ پٹیالہ شہر میں بھی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پٹیالہ میں شیو سینا کی جانب سے نکالے گئے خالصتان مردہ باد مارچ کے دوران حالات کافی کشیدہ ہوگئے اور کئی سکھ تنظیمیں اور ہندو کارکن آمنے سامنے آگئے، جس کے بعد پورے معاملے کو سلجھانے کے لیے پولس کو کافی جدوجہد کرنی پڑی۔

دونوں طرف سے تلواریں بھی چلائی گئیں اور پتھر بھی برسائے گئے۔

اس کے بارے میں سی ایم بھگونت مان نے کہا تھا کہ پٹیالہ میں تصادم کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ میں نے ڈی جی پی سے بات کی ہے۔علاقے میں امن بحال ہوا ہے۔ ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی کو بھی ریاست میں انتشار پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پنجاب کا امن اور ہم آہنگی سب سے اہم ہے۔

خالصتان مردہ باد مارچ شیوسینا (بال ٹھاکرے) کے پنجاب کے ورکنگ صدر ہریش سانگلہ کی نگرانی میں آریہ سماج چوک سے شروع ہوا۔ شیو سینک خالصتان مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے باہر نکل آئے۔ ہریش سانگلہ نے کہا کہ شیو سینا کبھی بھی پنجاب میں خالصتان نہیں بننے دے گی اور نہ ہی کسی خالصتان کا نام لینے دے گی۔

اس دوران کچھ سکھ تنظیمیں بھی تلواریں لہراتی ہوئی سڑک پر آگئیں اور دونوں طرف سے صورتحال کشیدہ ہوگئی اور پتھراؤ بھی ہوا۔