شِملہ / آواز دی وائس
ایک بڑے فیصلے میں جمعرات کے روز شِملہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج-دوم یاجویندر سنگھ نے 3 مئی 2025 کے اُس حکم کو برقرار رکھا جو شِملہ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے جاری کیا تھا، جس میں سانجولی مسجد کی پانچ منزلہ عمارت کو غیر مجاز قرار دیتے ہوئے اس کے انہدام (ڈھانے) کا حکم دیا گیا تھا۔
عدالت نے ہماچل پردیش وقف بورڈ اور سانجولی مسجد کمیٹی کی جانب سے دائر اپیل کو خارج کر دیا اور اس بات کی توثیق کی کہ عمارت کی تمام منزلیں — زمینی منزل سے لے کر اوپر تک بغیر کسی قانونی منظوری کے تعمیر کی گئی ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل جگت پال نے بتایا کہ یہ فیصلہ پچھلے سال کے دوران دیے گئے تمام سابقہ احکامات کی توثیق کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ اور مسجد کمیٹی کی جانب سے میونسپل کمشنر کے 3 مئی کے حکم کے خلاف دائر اپیل خارج کر دی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پوری عمارت غیر قانونی ہے نیچے سے لے کر اوپر تک اور اسے منہدم کیا جائے گا۔
جگت پال نے مزید کہا کہ گزشتہ 14 برسوں میں اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تھی، لیکن پچھلے 13 مہینوں میں چار مسلسل عدالتی احکامات نے یہی مؤقف برقرار رکھا کہ یہ ڈھانچہ غیر قانونی ہے۔ان کے مطابق پہلا حکم 5 اکتوبر 2024 کو جاری ہوا تھا، جس میں اوپری منزلوں کو توڑنے کی ہدایت دی گئی تھی؛ دوسرا 30 نومبر 2024 کو آیا، جب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج پروین گرگ نے اپیل مسترد کر دی؛ تیسرا 3 مئی 2025 کو آیا، جب میونسپل کمشنر نے پوری مسجد کو غیر مجاز قرار دیا؛ اور اب چوتھا حکم جج یاجویندر سنگھ نے سنایا، جس نے پچھلے تمام فیصلوں کی توثیق کی۔
جگت پال نے کہا کہ چاروں احکامات ایک جیسے ہیں۔ عدالت نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور سب اس کے سامنے برابر ہیں۔ ہم میونسپل کمشنر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر انہدام کا عمل شروع کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیوبھومی سنگھرش سمیتی جلد ہی کمشنر سے ملاقات کر کے ایک تحریری یادداشت پیش کرے گی، جس میں مقررہ وقت میں انہدام کا مطالبہ کیا جائے گا، اور ساتھ ہی وہ ہائی کورٹ سے بھی رجوع کرے گی تاکہ اگر وقف بورڈ یا مسجد کمیٹی دوبارہ اپیل دائر کرے تو اس پر کوئی حکم امتناع نہ دیا جا سکے۔ وجے شرما، جو دیوبھومی سنگھرش سمیتی کے رکن ہیں، نے عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ “سناتن سماج کی جدوجہد کی جیت” ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ فیصلہ ہندو اور سناتن برادری کی طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ 14 سالوں سے یہ معاملہ مختلف سطحوں پر زیر التوا تھا، مگر ستمبر 2024 میں سناتن سماج کی بیداری کے بعد ہی دباؤ بڑھا اور انصاف ملا۔شرما نے الزام لگایا کہ مسجد کے نام پر غیر قانونی سرگرمیاں کی جا رہی تھیں اور اس معاملے کو منظرعام پر لانے کا سہرا سناتن سماج کے احتجاج کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کے دوران کئی کارکنان پر پولیس نے کارروائی کی، پانی کی توپوں کا استعمال کیا گیا اور ایف آئی آر درج کی گئیں، مگر آخرکار سچ کی جیت ہوئی۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ میونسپل کمشنر فوری طور پر عدالت کے حکم پر عمل کرے اور غیر قانونی ڈھانچے کو منہدم کرے۔
شرما نے مزید کہا کہ سنگھرش سمیتی اپنی تحریک اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک یہ عمارت ہٹا نہیں دی جاتی۔ ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ دوبارہ کوئی جھوٹی اپیل دائر نہیں کی جائے گی اور متعلقہ فریق خود اس غیر قانونی تعمیر کو ہٹانے کے اقدامات کریں گے۔