شیخ حسینہ نے خالدہ ضیاء کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-12-2025
شیخ حسینہ نے خالدہ ضیاء کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا
شیخ حسینہ نے خالدہ ضیاء کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا

 



ڈھاکہ/ آواز دی وائس
بنگلہ دیش کی معزول وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے منگل کے روز اپنی سخت حریف خالدہ ضیاء کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ خالدہ ضیاء نے کئی دہائیوں تک ملک کی سیاست پر گہرا اثر قائم رکھا تھا۔ شیخ حسینہ نے منگل کو عوامی لیگ کے ‘ایکس’ اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے تعزیتی پیغام جاری کیا اور خالدہ ضیاء کو ملک کی سیاسی تاریخ کی ایک اہم شخصیت قرار دیا۔ حسینہ (78) نے بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم کے طور پر خالدہ ضیاء کے کردار اور جمہوریت کے قیام کی جدوجہد میں ان کے تعاون کو نمایاں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم کے طور پر اور جمہوریت کے قیام کی جدوجہد میں ان (ضیاء) کے کردار کے لیے قوم کے تئیں ان کی خدمات نہایت اہم تھیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شیخ حسینہ نے کہا کہ خالدہ ضیاء کا انتقال “بنگلہ دیش کی سیاسی زندگی اور بی این پی کی قیادت کے لیے ایک گہرا صدمہ” ہے۔ بی این پی کی طویل عرصے تک سربراہ اور تین مرتبہ وزیرِ اعظم رہنے والی خالدہ ضیاء کا منگل کی صبح ڈھاکہ میں طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 80 برس تھی۔
شیخ حسینہ نے خالدہ ضیاء کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ساتھ پارٹی رہنماؤں اور حامیوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ خالدہ ضیاء کے اہلِ خانہ میں ان کے صاحبزادے اور بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس مشکل گھڑی میں انہیں صبر، طاقت اور تسلی عطا فرمائے۔ خالدہ ضیاء اور شیخ حسینہ تین دہائیوں سے زائد عرصے تک بنگلہ دیش کی سیاست کی دو سب سے بااثر شخصیات رہیں۔ دونوں نے باری باری ملک کی قیادت کی اور ایک ایسے منقسم سیاسی منظرنامے کو شکل دی جو ان کی جماعتوں کے درمیان سخت رقابت سے عبارت تھا۔ شیخ حسینہ گزشتہ سال پانچ اگست کو بنگلہ دیش سے ہندوستان آئی تھیں۔ اسی روز ہونے والے شدید عوامی احتجاج کے نتیجے میں ان کی عوامی لیگ حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا۔
ایک عدالت نے شیخ حسینہ کو مفرور قرار دے رکھا ہے۔ شیخ حسینہ کے بیٹے سجیـب واجد جوی نے بھی خالدہ ضیاء کے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ جوی نے ‘فیس بک’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے (ضیاء نے) اپنی پوری سیاسی زندگی میں کئی کامیابیاں حاصل کیں اور ملک کے لیے متعدد پالیسیاں مرتب کیں۔ انہوں نے کہا کہ خالدہ ضیاء کو قوم کی تعمیر میں ان کی خدمات کے لیے یاد رکھا جائے گا۔
جوی نے خالدہ ضیاء کی وفات کو “بنگلہ دیش کے استحکام کے لیے ایک بڑا دھچکا” قرار دیا۔ امریکہ میں مقیم جوی اس سے قبل اپنی والدہ کی حکومت میں اطلاعات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کے امور کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔