نئی دہلی
جمعہ کے روز گھریلو شیئر بازاروں سینسیکس اور نفٹی میں ابتدائی کاروبار کے دوران تیزی دیکھی گئی۔بی ایس ای سینسیکس ابتدائی کاروبار میں 451.46 پوائنٹس یا 0.60 فیصد بڑھ کر 75,850.18 پوائنٹس تک پہنچ گیا، جبکہ این ایس ای نفٹی 143.25 پوائنٹس یا 0.60 فیصد اضافے کے ساتھ 23,832.85 پوائنٹس پر رہا۔
سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں سے انفوسس، ٹیک مہندرا، ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز، ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز، کوٹک مہندرا بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک، پاور گرڈ، بھارتی ایئرٹیل، ٹائٹن، بجاج فائنانس اور ماروتی سوزوکی انڈیا کے شیئروں میں تیزی دیکھی گئی۔ دوسری جانب ریلائنس انڈسٹریز، اسٹیٹ بینک آف انڈیا، ایٹرنل، ہندوستان الیکٹرانکس لمیٹڈ، الٹرا ٹیک سیمنٹ، مہندرا اینڈ مہندرا، ٹرینٹ اور ایشین پینٹس کے شیئروں میں گراوٹ رہی۔
عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ایندھن فروخت کرنے والی کمپنیوں کو ہونے والے بڑھتے نقصانات کے درمیان جمعہ کے روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 3 روپے کا اضافہ کیا گیا۔ اس کے بعد تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے شیئروں میں 2 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ دیکھی گئی۔
ایشیائی بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی، جاپان کا نکئی 225 اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ گراوٹ میں رہے، جبکہ چین کا ایس ایس ای کمپوزٹ بڑھت کے ساتھ بند ہوا۔
امریکی بازار جمعرات کو تقریباً ایک فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوئے تھے۔
بین الاقوامی معیار برینٹ کروڈ کی قیمت ایک فیصد اضافے کے ساتھ 107.01 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار (ایف آئی آئی) جمعرات کو خالص خریدار رہے اور انہوں نے 187.46 کروڑ روپے مالیت کے شیئر خریدے۔