ممبئی/ آواز دی وائس
	 فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی دیوانگی لوگوں کے سر چڑھ کر بولتی ہے۔ بالی ووڈ میں ’کنگ خان‘ کے نام سے مشہور یہ اداکار اپنے مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نہایت دلچسپ انداز میں بات چیت کرتے رہتے ہیں۔ اپنے حالیہ سیشن میں شاہ رخ خان نے مداحوں کے کئی سوالوں کے جوابات دیے۔ اسی دوران ان کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم "کنگ" سے متعلق ایک بڑا اشارہ بھی سامنے آیا، جس نے مداحوں کو بے حد پرجوش کر دیا۔
	ایک فین نے شاہ رخ سے پوچھا کہ شاہ رخ سر، لڑکی کو خوش کرنے کے لیے کیا کرنا چاہیے؟"
	اس پر کنگ خان نے ہنستے ہوئے جواب دیا، "میرا گانا ٹرائی کر۔ اسی دوران ایک صارف نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے بیٹے آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں نظر آئیں گے؟ اس پر شاہ رخ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر وہ مجھے برداشت کر سکتا ہے تو، لیکن میرے نخرے بھی اٹھانے پڑیں گے۔ بالی ووڈ میں خان تِکڑی (شاہ رخ، سلمان، عامر) کی بات اکثر ہوتی رہتی ہے۔ ایک فین نے شاہ رخ سے کہا کہ وہ سلمان کے بارے میں ایک لفظ بولیں۔ اس پر شاہ رخ نے محبت بھرے لہجے میں جواب دیا کہ بیسٹ بھائی! میں اس سے بہت زیادہ محبت کرتا ہوں۔
	کنگ فلم پر شاہ رخ کا نیا اشارہ
	ایک صارف نے شاہ رخ سے پوچھا،پٹھان میں لوگوں نے کرسی کی پٹی باندھ لی تھی، جوان میں آپ نے کہا تھا بینڈیج باندھ لو، اب کنگ فلم کے لیے کیا کرنا ہوگا؟ شاہ رخ نے جواب دیا کہ اب سب کُھلا چھوڑ دو۔ ان کا یہ جواب تیزی سے وائرل ہو گیا ہے، اور لوگوں کا ماننا ہے کہ ان کی آنے والی فلم "کنگ" پچھلی فلموں سے کہیں زیادہ دھماکے دار ثابت ہونے والی ہے۔
	بتایا جا رہا ہے کہ کنگ فلم کے ذریعے شاہ رخ خان کی بیٹی سوہانا خان بڑے پردے پر ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔ اس فلم میں ایک بار پھر شاہ رخ اور دپیکا پادوکون کی جوڑی نظر آئے گی۔ فلم کے ہدایت کار سدھارتھ آنند ایکس پر فلم سے متعلق مسلسل اپڈیٹس شیئر کر رہے ہیں۔
	آج انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ وہاں ہے...یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، اور مداحوں کا اندازہ ہے کہ شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر فلم "کنگ" کا پہلا لُک باضابطہ طور پر جاری کیا جا سکتا ہے۔