سنبھل: چندوسی کی ایک عدالت نے منگل کو سنبھل کی شاہی جامع مسجد۔ ہری ہر مندر تنازع سے متعلق سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔ یہ فیصلہ سپریم کورٹ کی جانب سے کارروائی پر عائد حکمِ امتناع کے پیش نظر کیا گیا۔ یہ معاملہ سول جج (سینئر ڈویژن) آدتیہ سنگھ کی عدالت میں سماعت کے لیے درج تھا۔
سپریم کورٹ نے نومبر 2024 میں سنبھل کی 16ویں صدی کی شاہی جامع مسجد کے سروے پر عبوری روک لگاتے ہوئے مقامی ٹرائل کورٹ میں اس تنازع سے متعلق تمام کارروائیوں پر بھی روک لگا دی تھی۔ ہندو فریق کے وکیل شری گوپال شرما نے بتایا کہ منگل کو معاملہ سماعت کے لیے درج تھا، لیکن سپریم کورٹ کے حکم کے باعث کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
اب عدالت نے اگلی سماعت کے لیے 29 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ یہ قانونی تنازع 19 نومبر 2024 کو اس وقت سامنے آیا تھا، جب ہندو فریق کے درخواست گزاروں، جن میں وکیل ہری شنکر جین اور وشنو شنکر جین شامل تھے، نے سنبھل کی ضلعی عدالت میں مقدمہ دائر کرکے دعویٰ کیا تھا کہ مسجد ایک مندر کی جگہ پر تعمیر کی گئی ہے۔
مسلم فریق نے الہ آباد ہائی کورٹ میں اس مقدمے کی قابلِ سماعت ہونے کی حیثیت کو چیلنج کیا تھا، تاہم 19 مئی 2025 کو ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے اس حکم کو برقرار رکھا تھا جس میں عدالت کی نگرانی میں سروے کی اجازت دی گئی تھی اور معاملے کی کارروائی آگے بڑھانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
عدالت کے حکم پر مقام کا پہلا سروے 19 نومبر 2025 کو کیا گیا تھا۔ 24 نومبر کو ہونے والے دوسرے سروے کے دوران سنبھل میں بڑے پیمانے پر کشیدگی پیدا ہوگئی تھی، جس میں چار افراد کی موت اور 29 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے تشدد کے سلسلے میں سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمٰن برق اور مسجد کمیٹی کے سربراہ ظفر علی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اس کے علاوہ 2,750 نامعلوم افراد کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔