نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کے روز مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے بات کی اور ریاست میں شدید بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بدھ کے روز ممبئی اور اس سے ملحقہ اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران شدید بارش سے پیدا ہونے والے پانی بھراؤ نے مغربی ریلوے نیٹ ورک پر ریل خدمات کو متاثر کیا۔
آئی ایم ڈی کے مطابق ممبئی، تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ پالگھر کے بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش متوقع ہے۔ کونکن خطے کے بعض حصوں میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ 9 جولائی سے بارش کی سرگرمیوں میں بتدریج کمی آنے کی توقع ہے۔ رتناگیری اور سندھودرگ میں بھی بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے خبردار کیا کہ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں مقامی سطح پر سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اچانک سیلاب آ سکتے ہیں۔ سڑک۔ ریل۔ ہوائی اور فیری خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔ کونکن ساحل کے ساتھ سمندر کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔ حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے اور فصلوں و کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ پانی بھرے علاقوں سے گریز کریں۔ سفر سے پہلے ٹریفک کی صورتحال معلوم کریں اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ شدید بارش کے ابتدائی مرحلے کے بعد 12 جولائی سے بیشتر اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ منگل کے روز مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے دفتر نے کسانوں سے کہا کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں کیونکہ 8 جولائی سے ریاست کے بعض حصوں میں بارش میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔
جہاں مہاراشٹر کے بعض حصوں میں شدید بارش ہوئی وہیں ریاست کے محکمہ زراعت نے ان علاقوں کے کسانوں سے جہاں بارش اطمینان بخش نہیں رہی کہا کہ جب تک مٹی میں مناسب نمی پیدا نہ ہو جائے اس وقت تک بوائی میں جلدبازی نہ کریں۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ کے دفتر نے کہا کہ "اگرچہ جولائی کے آغاز میں ممبئی اور مغربی مہاراشٹر میں شدید بارش ہوئی تھی لیکن اب تک ریاست کے مختلف حصوں میں ہونے والی بارش اوسط سے کم رہی ہے۔ خاص طور پر خاندیش (دھولے اور نندوربار)۔ وسطی مہاراشٹر (اہلیہ نگر اور سولاپور)۔ مغربی ودربھ کے بعض حصوں اور مراٹھواڑہ کے کچھ علاقوں میں بارش کی مقدار کم رہی ہے۔"