جنسی ہراسانی معاملہ: جنک پوری اسکول کے خلاف حکومت نے سخت کارروائی کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-05-2026
جنسی ہراسانی معاملہ: جنک پوری اسکول کے خلاف حکومت نے سخت کارروائی کی
جنسی ہراسانی معاملہ: جنک پوری اسکول کے خلاف حکومت نے سخت کارروائی کی

 



نئی دہلی
دہلی حکومت مغربی دہلی کے جنک پوری میں واقع ایک نجی اسکول کا انتظام اپنے ہاتھ میں لے سکتی ہے، کیونکہ اسکول احاطے میں تین سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے معاملے میں اسکول انتظامیہ کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ حکام نے پیر کو یہ جانکاری دی۔
بچوں کی حفاظت، نگرانی اور قانونی ضوابط کی پابندی میں سنگین خامیوں کا حوالہ دیتے ہوئے، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے آٹھ مئی کو اسکول انتظامیہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ اس میں خبردار کیا گیا تھا کہ اگر تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا تو دہلی اسکول ایجوکیشن ایکٹ اینڈ رولز کی دفعات کے تحت اسکول کی منظوری منسوخ کی جا سکتی ہے اور اس کا انتظام حکومت اپنے ہاتھ میں لے سکتی ہے۔
حکام کے مطابق، اسکول انتظامیہ کو جواب داخل کرنے کے لیے تین دن کا وقت دیا گیا تھا۔ تاہم، محکمۂ تعلیم کو اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے اور محکمہ بچوں کے تحفظ کے اقدامات میں مبینہ کوتاہیوں کے لیے اسکول کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
پولیس کے مطابق، بچی کی والدہ نے یکم مئی کو جنک پوری پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا کہ ان کی بیٹی کے اسکول میں داخلے کے دوسرے دن یعنی 30 اپریل کو اسکول کے اندر اس کا جنسی استحصال کیا گیا۔
اس معاملے میں اسکول کے 57 سالہ ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گھر واپس آنے کے بعد بچی نے درد کی شکایت کی اور بعد میں اپنی والدہ کو بتایا کہ اسے اسکول کے اندر ایک سنسان مقام پر لے جایا گیا تھا، جہاں ملزم نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ زیادتی کی۔