ممبئی/ آواز دی وائس
مہاراشٹر پولیس نے 58 کروڑ روپے کی ہیرا پھیری سے جڑے ملک کے سب سے بڑے ’ڈیجیٹل اریسٹ‘ معاملے کی تحقیقات کے دوران سات افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام نے جمعے کو یہ اطلاع دی۔ ایک افسر کے مطابق، ریاست میں سائبر جرائم سے نمٹنے والی نوڈل ایجنسی مہاراشٹر سائبر نے انکشاف کیا ہے کہ ’ڈیجیٹل اریسٹ‘ میں ملوث افراد نے ٹھگی کی رقم کو قانونی شکل دینے کے لیے 6,500 سے زائد فرضی بینک کھاتے استعمال کیے، جو جعلی کمپنیوں کے نام پر کھولے گئے تھے۔
حال ہی میں ممبئی کے 72 سالہ ایک تاجر کی شکایت کے بعد مہاراشٹر سائبر پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ سائبر جرائم میں ’ڈیجیٹل اریسٹ‘ کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جن میں ٹھگ خود کو قانون نافذ کرنے والے افسر یا سرکاری ایجنسیوں کے اہلکار ظاہر کرتے ہیں، اور آڈیو یا ویڈیو کال کے ذریعے متاثرین کو ڈراتے دھمکاتے ہیں، تاکہ وہ رقم مخصوص بینک کھاتوں میں منتقل کریں۔
افسر نے بتایا کہ 70 سالہ متاثرہ شخص کے معاملے میں، ملزمان نے ویڈیو کال کے ذریعے فرضی عدالتی کارروائی اور پولیس تفتیش کی سازش رچی، جس کے نتیجے میں متاثرہ شخص کو 40 دنوں میں 58.13 کروڑ روپے منتقل کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ افسر کے مطابق، مہاراشٹر سائبر پولیس نے جن سات افراد کو گرفتار کیا ہے، وہ ایک بین الاقوامی فراڈ نیٹ ورک سے وابستہ ہیں۔
گرفتار شدہ افراد کی شناخت درج ذیل کے طور پر کی گئی ہے
شیخ شاہد عبدالسلام (19)، ظفر اکبر سید (33)، عبدالنصیر عبدالكریم خلی (51)، ارجن فوزیرام کڈواسرا (52)، جیٹھارام رہنگا کڈواسرا (35)، عمران اسماعیل شیخ (22)، اور محمد نوید شیخ (26)۔