چمبا بس حادثہ۔ 7 ہلاک اور 11 زخمی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2026
چمبا بس حادثہ۔ 7 ہلاک اور 11 زخمی
چمبا بس حادثہ۔ 7 ہلاک اور 11 زخمی

 



شملہ: ہماچل پردیش کے چمبا ضلع میں ہفتے کی صبح ایک نجی بس سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوگئے۔ ریاست بھر میں مسلسل مون سون بارشوں کے باعث سڑکوں کی آمدورفت اور ضروری خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے حکام کے مطابق شرما بس کو حادثہ صبح تقریباً 7:15 بجے پٹوار سرکل بیرا گڑھ کے تحت چلونج موڑ کے قریب پیش آیا۔

تمام 11 زخمی مسافروں کو جائے حادثہ سے نکال کر قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا۔ شدید زخمی ہونے والے 6 افراد کو مزید علاج کے لیے چمبا کے پنڈت جواہر لال نہرو گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔حادثے کے مقام پر متعدد اداروں پر مشتمل امدادی اور تلاش کا آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس۔ ریاستی پولیس۔ ہوم گارڈز۔ فائر سروسز اور محکمہ محصولات کے اہلکار شامل ہیں۔

یہ حادثہ ہماچل پردیش میں شدید مون سون بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی وسیع پیمانے کی صورتحال کے درمیان پیش آیا ہے۔ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی تازہ صورتحال رپورٹ کے مطابق ہفتے کی صبح 10 بجے تک ریاست بھر میں 185 سڑکیں بند تھیں۔ ایک روز قبل شام کو بند سڑکوں کی تعداد 162 تھی۔منڈی سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا جہاں 92 سڑکیں بند ہیں۔ اس کے بعد کلو میں 48۔ چمبا میں 14 اور شملہ میں 14 سڑکیں بند ہیں۔خراب موسم کے باعث بجلی اور پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ ریاست بھر میں 104 بجلی کے تقسیم کار ٹرانسفارمر غیر فعال ہیں۔ ان میں کلو کے 53۔ منڈی کے 34۔ کِنّور کے 12 اور شملہ کے 4 ٹرانسفارمر شامل ہیں۔دریں اثنا پانی کی فراہمی کی 77 اسکیمیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ سرمور میں سب سے زیادہ 55 اسکیمیں متاثر ہوئیں۔ اس کے بعد ہمیرپور میں 9۔ چمبا کے بھٹیات میں 7 اور شملہ میں 6 اسکیمیں متاثر ہوئی ہیں۔مون سون سے متعلق قدرتی آفات کے طویل سلسلے کے باعث انسانی جانوں۔ املاک اور سرکاری بنیادی ڈھانچے کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔30 جون سے 7 اگست 2026 تک کے سرکاری مجموعی اعداد و شمار کے مطابق ہماچل پردیش میں قدرتی آفات سے متعلق 65 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ لاہول اور اسپیتی میں سب سے زیادہ 14 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس کے بعد کانگڑا میں 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اسی عرصے کے دوران الگ الگ ٹریفک حادثات میں مزید 78 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔مون سون سے متعلق قدرتی آفات میں 150 افراد لاپتہ ہوئے جبکہ 226 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 197 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔رہائشی اور دیگر عمارتوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ 572 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے جبکہ 2 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ اس کے علاوہ 197 جھونپڑیوں۔ 143 فیکٹریوں اور شیڈز اور 41 مویشیوں کے باڑوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

سرکاری اندازوں کے مطابق سرکاری اور نجی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے مجموعی مالی نقصان کی مالیت تقریباً 83,467.45 لاکھ روپے یا 834.67 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ کو بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔ اس کا تخمینہ 61,585 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ جبکہ جل شکتی محکمے نے 19,986 لاکھ روپے سے زیادہ کے نقصان کی اطلاع دی ہے۔ریاست کے مختلف حصوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث حکام نے بحالی اور امدادی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ۔ اچانک آنے والے سیلاب اور سڑکوں کی بندش کے خطرے والے حساس علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔