یوم جمہوریہ: دہلی میں سیکورٹی سخت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-12-2025
یوم جمہوریہ:  دہلی میں سیکورٹی سخت
یوم جمہوریہ: دہلی میں سیکورٹی سخت

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
۔26 جنوری 2026 کو منائے جانے والے 77ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات سے قبل، وزارتِ داخلہ (ایم ایچ اے) نے بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر قومی دارالحکومت میں مرکزی مسلح پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کی مزید 53 کمپنیاں تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ان اضافی فورسز میں 5,800 سے زائد مسلح اہلکار شامل ہوں گے، جو موجودہ سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دہلی پولیس بدستور نوڈل ایجنسی رہے گی۔ اضافی سی اے پی ایف اہلکاروں کو کارتویہ پاتھ کے دو کلومیٹر کے دائرے میں تمام حساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔ کارتویہ پاتھ تقریباً تین کلومیٹر طویل شاہراہ ہے جو راشٹرپتی بھون (صدرِ جمہوریہ کی رہائش گاہ) رائزینا ہِل سے انڈیا گیٹ تک جاتی ہے، جہاں ہر سال 26 جنوری کو یومِ جمہوریہ کی مرکزی پریڈ منعقد ہوتی ہے۔ اس تعیناتی کا مقصد پریڈ سے پہلے اور اس کے اختتام تک پورے علاقے پر مکمل سکیورٹی کنٹرول یقینی بنانا ہے۔
یہ فورسز دہلی پولیس کی مدد کرتے ہوئے یومِ جمہوریہ سے متعلق اہم سڑکوں، راستوں اور مقامات پر سکیورٹی برقرار رکھنے میں تعاون کریں گی۔ اہلکاروں کا تعلق بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف)، سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، انڈو-تبتین بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی)، سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) اور سشستر سیما بل (ایس ایس بی) سے ہوگا۔ اس کے علاوہ نیشنل سکیورٹی گارڈ (این ایس جی) کی ٹیمیں، جن میں اسنائپر یونٹس بھی شامل ہیں، شہر کے اسٹریٹجک مقامات، بلند عمارتوں اور دیگر حساس پوائنٹس پر تعینات کی جائیں گی۔
سکیورٹی کے سخت اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب ہندوستانی حکومت نے یومِ جمہوریہ کی پریڈ کے لیے یورپی یونین کی اعلیٰ قیادت کو مشترکہ طور پر مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے ایک اہم سفارتی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لیئن اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا ان تقریبات کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ توقع ہے کہ وہ صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہمراہ پریڈ میں شریک ہوں گے۔
ان کا دورہ ممکنہ طور پر ہندوستان-یورپی یونین سربراہی اجلاس کے ساتھ بھی ہوگا، جس میں دونوں فریق طویل عرصے سے زیرِ التوا ہندوستان-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر مذاکرات کو آگے بڑھانے پر توجہ دیں گے۔
سکیورٹی ایجنسیوں نے اس سال خصوصی احتیاطی اقدامات اختیار کیے ہیں، خاص طور پر 10 نومبر کو لال قلعہ کے قریب ہونے والے بم دھماکے کے بعد، جب ایک خودکش حملہ آور نے چلتی ہوئی ہنڈائی آئی20 گاڑی میں دھماکہ خیز مواد اڑا دیا تھا، جس میں 15 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔ بعد میں حملہ آور کی شناخت عمرالنبی کے طور پر کی گئی تھی۔
عہدیداروں کے مطابق وزارتِ داخلہ نے تازہ انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد اضافی سی اے پی ایف کی تعیناتی کی منظوری دی، جن میں یومِ جمہوریہ تقریبات کے حوالے سے خطرات میں اضافے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ نئی تعیناتیاں دہلی پولیس کی ہدایت پر پہلے سے حساس مقامات پر موجود فورسز کے ساتھ کثیر سطحی سکیورٹی نظام کے تحت مربوط کی جائیں گی۔
سی اے پی ایف اہلکاروں کو تخریبی کارروائیوں کی روک تھام، علاقے پر کنٹرول، اور راستوں کی مکمل جانچ کی ذمہ داری سونپی جائے گی، جن میں کارتویہ پاتھ، لال قلعہ، راج گھاٹ اور لُوٹینز دہلی کے اطراف موجود دیگر اہم تنصیبات شامل ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ اضافی تعیناتی کا مقصد فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانا اور یومِ جمہوریہ کی تقریبات کا پُرامن اور خوش اسلوبی سے انعقاد ممکن بنانا ہے۔