نئی دہلی
منی پور کے ضلع کانگپوکپی میں حالیہ تشدد سے متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے وسیع پیمانے پر تلاشی مہم چلا کر اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو یہ معلومات فراہم کیں۔پولیس کے ایک بیان کے مطابق بدھ کے روز لیلون وائفی، لیلون کھوناؤ، ایل منلوئی اور کونساکھول دیہات میں سرچ آپریشن کیا گیا، جو لیماکھونگ پولیس تھانہ کے دائرۂ اختیار میں آتے ہیں۔ اس دوران کم از کم 30 غیر قانونی بنکر، چوکیاں اور کیمپ بھی مسمار کر دیے گئے۔
ایک افسر نے بتایا کہ لیلون وائفی کوکی-زو برادری کا گاؤں ہے، جہاں سے 13 مئی کو چھ ناگا مردوں کے مبینہ اغوا کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ان افراد کی لاشیں 10 جون کو گاؤں کے قریب سے برآمد ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران لیلون منلوئی اور کونساکھول علاقوں سے فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں۔بیان کے مطابق آپریشن کے دوران 11 سنگل بیرل 12 بور بندوقیں ، 12 بور بندوق کے 294 کارتوس، بارود کے دو پیکٹ، 34 خالی کارتوس کے خول اور چھ بلٹ پروف جیکٹس برآمد کی گئیں۔
پولیس نے بتایا کہ تلاشی مہم کے دوران چار افراد کو تصدیق کے لیے حراست میں بھی لیا گیا۔
بدھ کے روز ہی ضلع چوراچاندپور کے ایس نابِل اور لوئیلامکوئی دیہات میں ایک غیر قانونی چیک پوسٹ اور ایک بنکر کو بھی سیکیورٹی فورسز نے منہدم کر دیا۔پولیس نے اس سے قبل کہا تھا کہ حالیہ ہفتوں میں قتل کے واقعات اور مختلف برادریوں کے درمیان مسلح سرگرمیوں میں اضافے کے پیشِ نظر منی پور کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس خود ان کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
سابق وزیرِ اعلیٰ این بیرین سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے نو مقرر کردہ ڈی جی پی مکیش سنگھ کی جانب سے شروع کیے گئے فعال سیکیورٹی اقدامات کا خیرمقدم کیا۔