نئی دہلی/ آواز دی وائس
جمعرات کے روز دہلی کے چانکیہ پوری میں واقع ایک نجی اسکول کو بم کی جھوٹی دھمکی موصول ہوئی، جس کے بعد تفتیشی حکام فوراً اسکول پہنچے اور سرچ آپریشن شروع کیا۔ سرچ آپریشن کے بعد دہلی پولیس کو کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی، حکام نے بتایا۔ چانکیہ پوری کے سنسکرتی اسکول میں دہلی پولیس کی ایک بڑی تعداد موجود رہی، جو اسکول کے اندر اور باہر کے علاقوں کی تلاشی لیتی رہی۔
سکیورٹی فورسز گزشتہ دنوں لال قلعے کے قریب دہلی میں ہونے والے دھماکے کے بعد سے ہائی الرٹ پر ہیں، جس میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دھماکے کے اگلے ہی دن دہلی کی متعدد عدالتوں اور اسکولوں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہوئیں۔ دہلی کے ساکیت ڈسٹرکٹ کورٹ کو منگل کی صبح ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی ملی، جس کے بعد پورے احاطے کو خالی کرایا گیا۔ سرچ آپریشن کے بعد یہ ای میل جھوٹی ثابت ہوئی۔
اسی صبح پٹیالہ ہاؤس کورٹ، روہنی کورٹ اور ساکیت کورٹ کو بھی بم دھماکے کی دھمکی دینے والی ای میل موصول ہوئی، جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے پورے احاطے کی تلاشی لی۔ نیو دہلی بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ایڈووکیٹ ترن رانا نے بتایا کہ عدالت کے احاطے میں بم نصب ہونے کی اطلاع ای میل کے ذریعے ملی تھی، لیکن تلاش کے بعد یہ ای میل بھی جھوٹی ثابت ہوئی۔
پٹیالہ ہاؤس کورٹ کو لال قلعہ بم دھماکہ کیس کے ملزم جاسر بلال عرف دانش کو این آئی اے کے ذریعے پیش کیے جانے سے قبل بھی بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔اس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ ٹیم اور ریپڈ ایکشن فورس کو عدالت کے باہر تعینات کیا گیا۔ سکیورٹی انتظامات بھی بڑھا دیے گئے۔
۔10 نومبر کے لال قلعہ دھماکے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ دھماکے کا مرکزی ملزم ڈاکٹر عمر اُن نبی، جو کشمیر کا رہائشی ہے، دھماکہ خیز مواد لے جانے والی گاڑی چلا رہا تھا۔