سپریم کورٹ:تمل ناڈو میں گائے کے ذبیحہ پر مدراس ہائی کورٹ کے حکم پر عبوری روک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2026
سپریم کورٹ:تمل ناڈو میں گائے کے ذبیحہ پر مدراس ہائی کورٹ کے حکم پر عبوری روک
سپریم کورٹ:تمل ناڈو میں گائے کے ذبیحہ پر مدراس ہائی کورٹ کے حکم پر عبوری روک

 



نئی دہلی: ہندوستان کی سپریم کورٹ نے پیر کے روز تمل ناڈو میں گائے کے ذبیحہ پر مدراس ہائی کورٹ کی جانب سے عائد مکمل پابندی کے حکم پر عبوری روک لگا دی۔ عدالت نے یہ حکم تمل ناڈو حکومت کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کے دوران جاری کیا۔

جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے ریاستی حکومت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مدراس ہائی کورٹ کے 27 مئی کے حکم پر عبوری طور پر عمل درآمد روک دیا۔

ریاستی حکومت نے اپنی اپیل میں مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ نے مفاد عامہ کی درخواست کے دائرہ کار سے تجاوز کیا۔ اصل درخواست میں صرف عوامی مقامات پر گائے کے ذبیحہ کو روکنے کی ہدایت مانگی گئی تھی لیکن عدالت نے پورے ریاست میں گائے اور بچھڑوں کے ذبیحہ پر مکمل پابندی عائد کر دی۔

حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ہائی کورٹ کے حکم کے نتیجے میں سرکاری طور پر مقرر کردہ مذبح خانوں میں بھی گائے کے ذبیحہ پر پابندی لگ گئی جو ریاست کے موجودہ قوانین سے مطابقت نہیں رکھتی۔

ریاستی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ تمل ناڈو اینیمل پریزرویشن ایکٹ 1958، تمل ناڈو اربن لوکل باڈیز ایکٹ 1998، تمل ناڈو اربن لوکل باڈیز رولز 2023 اور متعلقہ فوڈ سیفٹی قوانین جانوروں کے ذبیحہ کو منظم کرتے ہیں، لیکن ان میں مکمل پابندی کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔

اس سے قبل یکم جولائی کو تمل ناڈو حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مدراس ہائی کورٹ کے 27 مئی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ حکومت کا کہنا تھا کہ عدالت نے قانونی دائرہ اختیار سے آگے بڑھتے ہوئے گائے اور بچھڑوں کے ذبیحہ پر مکمل پابندی عائد کر دی۔

یاد رہے کہ 27 مئی کو مدراس ہائی کورٹ نے ہندو مکّل کچّی کے جنرل سکریٹری کے سوریا پرشانت کی مفاد عامہ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ بقرعید سمیت کسی بھی دن گائے یا بچھڑے کا ذبیحہ نہ ہونے دیا جائے۔

تاہم سپریم کورٹ نے فی الحال اس حکم پر عبوری روک لگا دی ہے، جس کے بعد معاملے کی مزید سماعت آئندہ ہوگی۔