شرجیل اور عمر کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ کی پولیس کو پھٹکار

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-10-2025
شرجیل اور عمر کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ کی پولیس کو پھٹکار
شرجیل اور عمر کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ کی پولیس کو پھٹکار

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی فسادات کے مقدمے میں ملزم عمر خالد، شرجیل امام اور دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے دہلی پولیس کو جواب داخل نہ کرنے پر سخت سرزنش کی۔ عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ جب اسے جواب دینے کے لیے وقت دیا گیا تھا تو پھر مقررہ مدت میں جواب کیوں داخل نہیں کیا گیا؟
عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ درخواست گزار پہلے ہی پانچ سال جیل میں گزار چکے ہیں، اس کے باوجود پولیس نے اب تک کوئی جواب داخل نہیں کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے دہلی پولیس کو دو ہفتوں کی مہلت دینے سے انکار کرتے ہوئے جمعہ تک جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت 31 اکتوبر کو ہوگی۔ عدالت نے کہا کہ گزشتہ تاریخ پر واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ آج اس کیس کی سماعت اور فیصلے کے لیے مقررہ دن ہے۔
سپریم کورٹ میں دہلی فسادات کی مبینہ بڑی سازش کے مقدمے میں ملزمان عمر خالد، شرجیل امام، میران حیدر، گلفشہ فاطمہ اور شفاء الرحمٰن کی ضمانت درخواستوں پر سماعت کے دوران عدالت نے دہلی پولیس کو مزید وقت دینے سے انکار کر دیا۔ جسٹس اروند کمار اور جسٹس این وی انجنیہ پر مشتمل بنچ نے کہا کہ پولیس کو پہلے ہی کافی وقت دیا جا چکا ہے۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت جمعہ کے لیے مقرر کی ہے اور اس دوران دہلی پولیس کو لازمی طور پر جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔
سماعت کے آغاز میں ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے جوابی حلف نامہ داخل کرنے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت مانگی۔ اس پر جسٹس اروند کمار نے کہا کہ ہم آپ کو پہلے ہی کافی وقت دے چکے ہیں۔ ممکن ہے آپ پہلی مرتبہ پیش ہو رہے ہوں، لیکن گزشتہ سماعت میں کھلی عدالت میں یہ بات کہی گئی تھی کہ 27 اکتوبر کو اس معاملے کی سماعت اور فیصلہ کیا جائے گا۔ جب اے ایس جی نے دوبارہ دو ہفتوں کی مہلت مانگی تو جسٹس کمار نے کہا، "آپ جواب ضرور داخل کریں، لیکن ہم دو ہفتے کا وقت نہیں دیں گے۔ اے ایس جی نے پھر ایک ہفتے کا وقت مانگا، تاہم عدالت نے اس سے بھی اتفاق نہیں کیا۔
عدالت نے صاف کہا کہ اب اگلی سماعت جمعہ کو ہوگی۔