سپریم کورٹ نے اجمیر شریف میں وزیر اعظم کی طرف سے 'چادر' کی پیشکش کے خلاف درخواستوں کو خارج کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-01-2026
سپریم کورٹ نے اجمیر شریف میں وزیر اعظم کی طرف سے 'چادر' کی پیشکش کے خلاف درخواستوں کو خارج کیا
سپریم کورٹ نے اجمیر شریف میں وزیر اعظم کی طرف سے 'چادر' کی پیشکش کے خلاف درخواستوں کو خارج کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے پیر کے روز ریاستی سرپرستی میں دیے جانے والے رسمی اعزازات یا وزیرِاعظم کی جانب سے اجمیر میں حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ تیرہویں صدی کے صوفی بزرگ کے درگاہ پر ’چادر‘ پیش کرنے کے رواج کے خلاف دائر کی گئی عرضی کو مسترد کر دیا۔
چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت اور جسٹس جویمالیہ باگچی پر مشتمل بنچ نے کہا کہ چونکہ ’چادر‘ پہلے ہی پیش کی جا چکی ہے، اس لیے یہ معاملہ بے اثر ہو چکا ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ یہ ایسا معاملہ نہیں ہے جس پر عدالت فیصلہ کر سکے۔
عرضی گزاروں نے حکومتِ ہند، بشمول وزیرِاعظم، کو اجمیر درگاہ میں سالانہ عرس کی تقریبات کے دوران ’چادر‘ جیسے رسمی اعزازات پیش کرنے سے روکنے کی درخواست کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات عوامی خواہش، قومی خودمختاری اور ہندوستانی آئین کے مزاج کے خلاف ہیں۔ اجمیر شریف درگاہ پر رسمی ’چادر‘ پیش کرنا ایک طویل عرصے سے چلا آ رہا رواج ہے، جس کی شروعات 1947 میں پنڈت جواہر لال نہرو نے کی تھی اور بعد کے وزرائے اعظم نے بھی اس روایت کو برقرار رکھا۔
یہ عرضی وشو ویدک سناتن سنگھ کے صدر جتیندر سنگھ اور ہندو سینا کے قومی صدر وشنو گپتا کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ اس عوامی مفاد کی عرضی (پی آئی ایل) میں مرکزی حکومت کی جانب سے حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کو دیے جانے والے “ریاستی سرپرستی کے رسمی اعزازات، سرکاری پشت پناہی اور علامتی شناخت” کو چیلنج کیا گیا تھا۔
عرضی میں تاریخی حوالوں کا ذکر کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا کہ معین الدین چشتی بارہویں صدی میں شہاب الدین غوری کے حملوں کے دوران ہندوستان آئے تھے اور ان کا تعلق غیر ملکی فتوحات اور تبدیلیٔ مذہب کی مہمات سے تھا، جبکہ ان کی درگاہ کو بعد کے دور میں ادارہ جاتی شکل دی گئی۔
عرضی میں کہا گیا کہ تاریخی ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ معین الدین چشتی غیر ملکی حملوں سے وابستہ تھے جن کے نتیجے میں دہلی اور اجمیر فتح ہوئے اور مقامی آبادی کو بڑے پیمانے پر محکوم بنایا گیا اور تبدیلیٔ مذہب عمل میں آئی۔ یہ اقدامات ہندوستان کی خودمختاری، وقار اور تہذیبی اقدار کے بنیادی طور پر منافی ہیں۔ ایسی شخصیت کو رسمی اعزاز دینا آئین کے دیباچے میں درج اقدار انصاف، آزادی، مساوات اور قومی یکجہتی کو کمزور کرتا ہے اور عوامی خواہش کو نظرانداز کرتا ہے۔