نئی دہلی
سپریم کورٹ نے پیر کے روز ایک ایسی درخواست پر فوری سماعت سے انکار کر دیا جس میں مبینہ جعلی وکلا اور ’’کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی)‘‘ سے وابستہ سرگرمیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ یہ ایک طنزیہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے۔چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیا باگچی پر مشتمل بنچ نے درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل این کے گوسوامی سے کہا کہ وہ اس معاملے کو ’’اتنا جذباتی انداز میں نہ لیں‘‘۔
گوسوامی نے عدالت کو بتایا کہ چیف جسٹس کی وضاحت کے باوجود اس معاملے سے متعلق ایک مسخ شدہ اور بدنیتی پر مبنی بیانیہ مسلسل پھیلایا جا رہا ہے۔
اس پر چیف جسٹس نے کہاکہ اسے اتنا جذباتی انداز میں مت لیجیے۔ایک اور وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ جعلی قانون کی ڈگریوں کے معاملے میں سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کر رہے ہیں اور عدالتی کارروائی کے دوران ہونے والی گفتگو کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
اس پر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ اتنی زیادہ ہنگامی صورتحال نہیں ہے۔ ہم اس معاملے کو دیکھیں گے۔درخواست میں ان افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے جو مبینہ طور پر عدالتی کارروائی کے دوران ججوں کی زبانی ریمارکس اور مشاہدات کو تجارتی یا تشہیری مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جعلی اور دھوکہ دہی پر مبنی ڈگریوں کے ذریعے وکالت کرنے والے مبینہ جعلی وکلا کی تحقیقات کی جائیں۔عدالتی کارروائی کے غلط استعمال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ سماعت کے دوران کیے گئے تبصرے اور مشاہدات کو تشہیری مہمات میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ حال ہی میں اس وقت خبروں میں آئی تھی جب 15 مئی کو ایک وکیل کو سینئر عہدہ دینے سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریہ کانت سے منسوب ’’کاکروچ‘‘ اور ’’پرجیوی‘‘ سے متعلق ریمارکس پر تنازعہ پیدا ہو گیا تھا۔16 مئی کو چیف جسٹس سوریہ کانت نے اپنے ریمارکس کے بارے میں ایک سخت وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ میڈیا کی بعض رپورٹوں سے انہیں دکھ پہنچا ہے، کیونکہ ان میں یہ تاثر دیا گیا کہ انہوں نے نوجوانوں پر تنقید کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا تھا کہ ان کے ریمارکس صرف ان افراد کے لیے تھے جو ’’جعلی اور فرضی ڈگریوں‘‘ کے ذریعے قانونی پیشے میں داخل ہو رہے ہیں، اور یہ کہ میڈیا کے ایک حصے نے ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا ہے۔