چیف جسٹس پر جوتا پھینکنے کا واقعہ، سپریم کورٹ کا کارروائی سے انکار

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-10-2025
چیف جسٹس پر جوتا پھینکنے کا واقعہ، سپریم کورٹ کا کارروائی سے انکار
چیف جسٹس پر جوتا پھینکنے کا واقعہ، سپریم کورٹ کا کارروائی سے انکار

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے پیر کے روز 71 سالہ وکیل راکیش کشور کے خلاف عدالت کی توہین کے مجرمانہ مقدمے کی کارروائی شروع کرنے سے انکار کر دیا ۔ وہی وکیل جنہوں نے 6 اکتوبر کو چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس بی آر گوائی پر جوتا پھینکنے کی کوشش کی تھی۔ جسٹس سوریہ کانت اور جوئے مالیا باگچی پر مشتمل بینچ نے کہا کہ چونکہ چیف جسٹس آف انڈیا نے خود اس واقعے کو درگزر کر دیا ہے، لہٰذا اگر اب کارروائی شروع کی گئی تو یہ قدم صرف حملہ آور کو مزید شہرت دلائے گا۔
جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ اگر ہم کارروائی شروع کریں تو اس سے راکیش کشور کی مزید تشہیر ہوگی۔ ایسے لوگ نظام سے کوئی واسطہ نہیں رکھتے۔ ان پر غیر ضروری توجہ دینا مناسب نہیں۔ ہمیں، بار اور بنچ دونوں کو، اس بارے میں رہنما اصول بنانے پر غور کرنا چاہیے۔
تاہم عدالت نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ایسے معاملات کی سوشل میڈیا پر تشہیر اور جوتا پھینکنے جیسے توہین آمیز واقعات کی "شان میں قصیدے" روکنے کے لیے رہنما اصول مرتب کیے جانے چاہئیں تاکہ عدالتِ عظمیٰ کی ساکھ متاثر نہ ہو۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن  کی جانب سے دائر درخواست پر سنا جا رہا تھا، جس میں راکیش کشور کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
سماعت کے دوران سینئر ایڈووکیٹ وکاس سنگھ، جو ایس سی بی اے کے صدر بھی ہیں، نے عدالت سے درخواست کی کہ راکیش کشور کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے تو درگزر کر دیا، ہم نے سمجھا معاملہ ختم ہو گیا، مگر میڈیا نے جس طرح اس واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا، اب ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ عدالت کا مذاق بنایا جا رہا ہے، یہ ادارے کی بے عزتی ہے۔ جسٹس سوریہ کانت نے تاہم کہا کہ ایسے افراد کا مقصد صرف میڈیا کی توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ ان پر ردعمل ظاہر کر کے ہم انہیں اہمیت دے دیتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ ہم مستقبل میں ایسے معاملات کے لیے رہنما اصول طے کریں۔
انہوں نے کہا کہ جوتا پھینکنا یا عدالت میں نعرے لگانا توہینِ عدالت کے زمرے میں آتا ہے، لیکن جب متعلقہ جج نے ہی اسے نظر انداز کر دیا تو کیا کوئی دوسرا بینچ یا اٹارنی جنرل کارروائی کی اجازت دے سکتا ہے؟ البتہ ہم ایسے واقعات کی تشہیر روکنے کے لیے رہنما اصول جاری کر سکتے ہیں۔ وکاس سنگھ نے اصرار کیا کہ ادارے کی ساکھ کے لیے کارروائی ضروری ہے، مگر جسٹس باگچی نے کہا کہ جب چیف جسٹس نے خود معاف کر دیا تو توہین کا معاملہ وہیں ختم ہو گیا۔
وکاس سنگھ نے دلیل دی کہ چیف جسٹس کی نرمی نے اسے حوصلہ دیا ہے، اب وہ سوشل میڈیا پر کہہ رہا ہے کہ دوبارہ ایسا کرے گا۔ یہ اس کے لیے فخر کی بات بن گئی ہے، حالانکہ یہ مذہب اور انصاف دونوں کی توہین ہے۔ جسٹس سوریہ کانت نے جواب دیا کہ ایسے شخص کو اہمیت دینا اس کی مزید تشہیر کا باعث ہوگا۔ ایسے افراد نظام سے کوئی تعلق نہیں رکھتے۔ ان پر توجہ دینا چیف جسٹس کی بردباری کے منافی ہوگا۔ وکاس سنگھ نے کہا کہ چیف جسٹس کی درگزر نے اسے مزید جری بنا دیا ہے، مگر عدالت نے نشاندہی کی کہ اگر کوئی سخت کارروائی کی گئی تو وہ سوشل میڈیا پر مزید بحث و تمسخر کا موضوع بن جائے گی۔
جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ اگر ہم کوئی تعزیری قدم اٹھائیں تو یہ معاملہ سوشل میڈیا پر مزید پھیل جائے گا۔ ہم سالیسیٹر جنرل سے بھی مشورہ لیں گے کہ ایسے معاملات میں کون سے مناسب اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ نے کہا کہ ایسے واقعات کی "شیلف لائف" بہت مختصر ہوتی ہے — یعنی وقت گزرنے کے ساتھ وہ خود ہی ماند پڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نوٹس جاری کریں گے تو اس کی سوشل میڈیا پر زندگی بڑھ جائے گی، وہ خود کو ہیرو یا نظام کا شکار ظاہر کرے گا۔ بہتر ہے کہ اسے خود مرنے دیا جائے۔ میڈیا اس وقت تک دکھاتا ہے جب تک اسے فائدہ ہو۔
جسٹس سوریہ کانت نے اس سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ قدرتی طور پر اپنی موت آپ مر جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت اس معاملے کو صرف رہنما اصول  بنانے کے مقصد سے زیرِ غور رکھے گی تاکہ مستقبل میں سوشل میڈیا پر عدالت کے وقار کے خلاف سرگرمیوں کو محدود کیا جا سکے۔
یہ مقدمہ آئندہ غور و خوض کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔