سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے قومی مہم چلانے کا مطالبہ کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-04-2026
سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے قومی مہم چلانے کا مطالبہ کیا
سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے قومی مہم چلانے کا مطالبہ کیا

 



تہران
ایران کے سپریم لیڈر  مجتبیٰ خامنہ ای نے "بلا اشتعال امریکی-صیہونی جارحیت" سے ہونے والی تباہی کے بعد ملک بھر میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کے لیے ایک جامع قومی مہم شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ یہ خبر سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے دی۔
رہنما کی یہ اپیل بدھ کے روز اسلامی جمہوریہ ڈے اور قومی یومِ فطرت کے موقع پر جاری ایک وسیع پیغام کا حصہ تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ حالیہ تنازع کے بعد اب قومی کوششوں کا مرکز ملک کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہونا چاہیے۔
پریس ٹی وی کے مطابق سپریم لیڈر، جو مرحوم آیت اللہ علی خامنہ ای کے صاحبزادے ہیں، نے کہا کہ حالیہ بیرونی حملوں نے نہ صرف عوام کو متاثر کیا بلکہ خاص طور پر "زمین اور قدرتی ماحول" کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے مخالف قوتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب "بدطینت اور بے رحم امریکی و صیہونی دشمن اپنی بربریت میں کسی انسانی، اخلاقی یا وجودی حد کو نہیں مانتا"، قوم کو اندرونی ترقی پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن نے "ہمارے پیارے وطن کے قدرتی اور ماحولیاتی مقامات کو بھی نشانہ بنایا اور نقصان پہنچایا ہے۔اس لیے ان کے مطابق "ترقی کو فروغ دینے اور ایران کے روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے ہر کوشش نہ صرف قابلِ قدر بلکہ ضروری ہے۔
عوام کی مضبوطی کا ذکر کرتے ہوئے سپریم لیڈر نے کہا کہ قوم نے حالیہ بہاری تقاریب کے دوران "ثابت قدمی اور وقار" کا مظاہرہ کیا ہے۔ پریس ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ "ایران کی بہادر قوم نے اس سال نوروز کو عزم اور وقار کے ساتھ جوڑ دیا ہے"، حالانکہ خطے میں دباؤ برقرار ہے۔
خطاب کا ایک بڑا حصہ ان افراد کے لیے وقف تھا جو 28 فروری سے شروع ہونے والی جھڑپوں میں جاں بحق ہوئے۔ پریس ٹی وی کے مطابق انہوں نے جنوبی شہر میناب میں ایک لڑکیوں کے اسکول پر ہونے والے حملے کا خاص ذکر کیا، جس میں 186 افراد ہلاک ہوئے۔
اسکول حملے میں جاں بحق ہونے والی بچیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "بچوں کے قاتل، درندہ صفت امریکی اور صیہونی عناصر نے اسکول کی ننھی کلیوں کو بے دردی سے شہید کر دیا۔" ان واقعات کے پیش نظر انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ درخت لگانے کی ایک منظم مہم میں حصہ لیں۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ ایرانی عوام "جاری جنگ" میں جان گنوانے والوں کی یاد میں اپنی سرزمین پر امید کے پودے لگا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ "آنے والے برسوں میں یہ پودے ایک بابرکت اور پھلدار درخت میں تبدیل ہوں گے۔