نئی دہلی
عام آدمی پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے جمعرات کو الزام لگایا کہ بی جے پی نے پنجاب کے پُرامن ماحول کو خراب کرنے کے لیے امرتسر اور جالندھر میں ہوئے دو دھماکوں کے ذریعے اپنا ’’مشن پنجاب‘‘ شروع کر دیا ہے۔سنجے سنگھ نے کہا کہ مغربی بنگال میں بھی بی جے پی کی جیت کے بعد انتخابی تشدد دیکھنے کو مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آئی ایس آئی کے درمیان براہِ راست تعلق ہے، اور ہم یہ ماضی میں پٹھان کوٹ واقعے میں بھی دیکھ چکے ہیں۔ امرتسر اور جالندھر میں ہونے والے دھماکے ریاست کا امن خراب کرنے کے لیے بی جے پی کی انتخابی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی ’’آئی ایس آئی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی تاریخ رہی ہے‘‘ اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پٹھان کوٹ واقعے کی جانچ کے لیے انہیں ’’دعوت‘‘ دی تھی۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ یہی آئی ایس آئی ملک میں ہونے والے کئی واقعات کے پیچھے رہی ہے، جس کے ساتھ بی جے پی کے مضبوط تعلقات ہیں۔ اسی لیے وزیرِ اعلیٰ مان اور ہماری پارٹی نے امرتسر اور جالندھر دھماکوں کے لیے انہیں ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان نے بدھ کو ان دونوں دھماکوں کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی آنے والے اسمبلی انتخابات کی تیاری اسی انداز میں کر رہی ہے۔
اس کے جواب میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چغ نے کہا کہ مان کے بیانات ’’غیر ذمہ دارانہ اور ناپختہ‘‘ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت ریاست کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ’’ناکام‘‘ رہی ہے اور الزام لگایا کہ پنجاب میں قانون و انتظام کی صورتحال مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔