ممبئی
شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے راؤت نے منگل کے روز ریاست میں آٹو اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے مراٹھی زبان کو لازمی قرار دینے کے فیصلے پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح کے لسانی اصول دیگر ریاستوں میں بھی موجود ہیں۔
راؤت نے کہا، "مغربی بنگال میں بنگالی لازمی ہے، گجرات میں گجراتی، کرناٹک میں کنڑ، پنجاب میں پنجابی... تو جب ہم مہاراشٹر کے لیے یہی چاہتے ہیں تو پھر مسئلہ کیا ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ بینک کی خاطر مراٹھی کی بے عزتی برداشت نہیں کی جائے گی... یہ خود ڈرائیوروں کے فائدے کے لیے ہے... مقامی زبان جاننے سے ڈرائیوروں کو ہی فائدہ ہوگا۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ریاست کے ٹرانسپورٹ وزیر نے اس ماہ کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ مہاراشٹر بھر میں آٹو رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے مراٹھی زبان کا علم لازمی کیا جائے گا۔ مجوزہ منصوبے کے تحت ریاستی حکومت یکم مئی سے ڈرائیوروں کے دستاویزات کے ساتھ ان کی مراٹھی زبان کی مہارت کی بھی جانچ شروع کرے گی۔
اس سے قبل 23 اپریل کو وزیر نے کہا تھا کہ ریاست میں آٹو اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے درمیان "مراٹھی کو فروغ دینے اور عام کرنے" کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اور اس سلسلے میں 28 اپریل کو ٹریڈ یونین لیڈروں کے ساتھ ایک میٹنگ بھی ہوگی۔
ریاستی ٹرانسپورٹ وزیر نے بتایا کہ ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ ٹیکسی اور آٹو ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھائے گا، جبکہ کونکن مراٹھی ساہتیہ پریشد بھی کونکن علاقے میں مشترکہ طور پر یہ ذمہ داری نبھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ نے ریاست بھر میں اپنی مختلف شاخوں کے ذریعے آٹو رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کی ذمہ داری لی ہے۔ اس سے مراٹھی زبان کو فروغ ملے گا۔ کونکن مراٹھی ساہتیہ پریشد بھی اس مہم میں شامل ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف یونین رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کرکے ان کی تجاویز لی جائیں گی۔ "28 اپریل کو ششانک راؤ (آٹو رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورز کے ٹریڈ یونین لیڈر) کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔ ہم کئی یونین لیڈروں سے بات کریں گے، ان کی رائے سنیں گے اور اپنی بات بھی رکھیں گے۔ اگر کوئی تجاویز آئیں تو انہیں نافذ کیا جائے گا۔
ٹرانسپورٹ وزیر نے خبردار کیا کہ یکم مئی کے بعد جانچ کے دوران قواعد پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔نئے اقدام کے تحت ڈرائیوروں کے لیے یہ ضروری ہوگا کہ وہ مراٹھی زبان کو پڑھنے، لکھنے اور بولنے کی صلاحیت ثابت کریں۔ یہ پائلٹ پروجیکٹ ٹرانسپورٹ لائسنس جاری کرنے میں بے ضابطگیوں کو روکنے کے مقصد سے شروع کیا جا رہا ہے، جسے مرحلہ وار پورے ریاست میں نافذ کیا جائے گا۔