سہارن پور :مجسٹریٹ دفتر احاطے کی مبینہ غیر قانونی مسجد گرانے کا حکم

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
سہارن پور :مجسٹریٹ دفتر احاطے کی مبینہ غیر قانونی مسجد گرانے کا حکم
سہارن پور :مجسٹریٹ دفتر احاطے کی مبینہ غیر قانونی مسجد گرانے کا حکم

 



سہارنپور: اتر پردیش کے سہارنپور میں سٹی مجسٹریٹ کی عدالت نے ضلع مجسٹریٹ دفتر کے احاطے میں واقع ایک مبینہ غیر قانونی مسجد کو منہدم کرنے کا حکم دیتے ہوئے قابضین پر 6.41 کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

یہ کارروائی بجرنگ دل کے سابق صوبائی رابطہ کار وکاس تیاگی کی شکایت کے بعد عمل میں آئی۔ شکایت میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ضلع مجسٹریٹ دفتر کے احاطے میں غیر قانونی طور پر مسجد تعمیر کی گئی ہے جبکہ یہ علاقہ حساس نوعیت کا ہے جہاں سرکاری دفاتر کی خفیہ سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔

شکایت میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ مذکورہ مقام کو مذہبی سرگرمیوں کے علاوہ تجارتی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔ دعویٰ کیا گیا کہ وہاں ایک ڈاک خانہ بھی چلایا جا رہا تھا اور کئی کمرے بیرونی افراد کو کرائے پر دیے گئے تھے جن کا کرایہ مسجد کمیٹی وصول کر رہی تھی۔

معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سٹی مجسٹریٹ کلدیپ سنگھ کی عدالت نے طویل سماعت کے بعد مبینہ غیر قانونی تعمیر کو فوری طور پر منہدم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے سرکاری زمین پر مبینہ غیر قانونی قبضے اور اس کے غلط استعمال کے الزام میں قابضین پر تقریباً 6.41 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری دفتر کی سلامتی اور خفیہ نوعیت کی سرگرمیوں پر اثر پڑنے کے باعث یہ کارروائی ضروری سمجھی گئی۔

قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں حالیہ برسوں کے دوران انتظامیہ کی جانب سے مبینہ غیر قانونی مذہبی ڈھانچوں کے خلاف کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔

گزشتہ سال فروری میں کشی نگر ضلع میں مدنی مسجد کے ایک حصے کو بھی بلڈوزر کے ذریعے منہدم کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کا موقف تھا کہ مسجد کا وہ حصہ مبینہ طور پر تجاوزات والی زمین پر تعمیر کیا گیا تھا۔

تاہم مسجد کے متولی نے دعویٰ کیا تھا کہ مسلم برادری نے مسجد کی تعمیر کے لیے تقریباً ایک سال قبل یہ زمین خریدی تھی اور کسی قسم کی تجاوزات نہیں کی گئی تھیں۔

مسجد کمیٹی نے اس انہدامی کارروائی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جہاں 8 فروری تک عبوری حکم امتناعی ملا تھا۔ اس حکم کی مدت ختم ہونے کے بعد 9 فروری کو انتظامیہ نے انہدامی کارروائی شروع کر دی۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے اس معاملے میں توہین عدالت کی درخواست پر اتر پردیش حکومت کے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کیا تھا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ کشی نگر کی مدنی مسجد کے خلاف کارروائی 13 نومبر 2024 کے سپریم کورٹ کے اس حکم کے خلاف تھی جس میں ملک بھر میں پیشگی نوٹس اور فریقین کو سماعت کا موقع دیے بغیر انہدامی کارروائیوں پر روک لگائی گئی تھی۔