لکھنؤ آتشزدگی جیسے واقعات کو روکنے کے لیے حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل کریں: تھرور

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2026
لکھنؤ آتشزدگی جیسے واقعات کو روکنے کے لیے حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل کریں: تھرور
لکھنؤ آتشزدگی جیسے واقعات کو روکنے کے لیے حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل کریں: تھرور

 



نئی دہلی
کانگریس کے سینئر رہنما ششی تھرور نے منگل کے روز لکھنؤ آتشزدگی میں 15 افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے المناک واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی معیارات اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد ضروری ہے۔
جموں و کشمیر کے دورے پر موجود پارلیمنٹ کی خارجہ امور سے متعلق قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ششی تھرور نے کمیٹی کے چار روزہ مطالعاتی دورے کے دوسرے مرحلے کے تحت سری نگر روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن خاندانوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا ہے، ان کے ساتھ ہماری دلی ہمدردیاں ہیں۔ اس سے قبل دہلی میں بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ حفاظتی معیارات اور متعلقہ قوانین پر مکمل اور مؤثر طریقے سے عمل کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات دوبارہ پیش نہ آئیں۔
جموں کے دورے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورا دورہ مکمل ہونے کے بعد کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ششی تھرور نے کہا کہ اب ہم سری نگر جا رہے ہیں، جہاں ہماری ملاقات لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ہوگی۔ اس کے بعد اگلے روز کارگل جائیں گے اور پھر لیہہ کا دورہ کریں گے۔ پورا دورہ مکمل ہونے کے بعد ہم اپنی حتمی رپورٹ پیش کریں گے۔
کانگریس رہنما نے بتایا کہ کمیٹی مرکز کے زیر انتظام خطے میں تین اہم موضوعات کا جائزہ لینے کے لیے آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان موضوعات میں ہندوستان-پاکستان تعلقات، ہندوستان-چین تعلقات اور پاسپورٹ دفاتر و پاسپورٹ سیوا مراکز کی کارکردگی کا مطالعہ شامل ہے۔
ششی تھرور کے مطابق کمیٹی ان معاملات پر تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرتب کرے گی، جو مستقبل کی پالیسی سازی میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔