نئی دہلی
مکل نیتھی مئیام کے صدر کمل ہاسن نے جمعہ کو مرکز اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل پر عائد ریاستی ٹیکس، جیسے ویٹ ، فوری طور پر کم کریں تاکہ مغربی ایشیا کے تنازع کے معاشی اثرات سے عام شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
ایران جنگ کے اثرات پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میں ہاسن نے زور دیا کہ عالمی بحران کا مالی بوجھ صرف عام شہریوں پر نہیں ڈالا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ قربانی صرف شہریوں سے نہیں مانگی جا سکتی، حکومتوں کو بھی اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ اس لیے میں وزیر اعظم سے درخواست کرتا ہوں کہ تمام وزرائے اعلیٰ کی ایک قومی کانفرنس بلائی جائے۔
کمل ہاسن نے ایک فوری دو نکاتی حکمتِ عملی کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے ریاستی ٹیکس جیسے ویٹ کو پیٹرول اور ڈیزل پر کم کیا جائے، اور دوسری طرف ٹرین، میٹرو اور بس کے کرائے بھی کم کیے جائیں تاکہ زیادہ لوگ نجی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی 60 سے زائد ممالک توانائی کی بچت کے لیے اقدامات کر چکے ہیں، اور سنگاپور کے وزیر اعظم نے شہریوں کو مشکل وقت کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی توانائی بچت کی اپیل کی حمایت کرتے ہوئے ہاسن نے کہا کہ قومی ذمہ داری کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پہلے بھی جنگیں، قلت اور عالمی بحران اتحاد اور مشترکہ قربانی سے جیتے ہیں۔ اب بھی اسی قومی جذبے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے قول کے مطابق حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن ملک قائم رہتا ہے۔
کمل ہاسن نے حکومت کی طویل مدتی بنیادی ڈھانچے کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں سولر اور ونڈ انرجی میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کوئلہ گیسفیکیشن، قابلِ تجدید توانائی اور نیوکلیئر انرجی میں سرمایہ کاری بھی اہم قدم ہیں تاکہ بیرونی تیل اور گیس پر انحصار کم کیا جا سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ جغرافیائی سیاسی بحران سب سے زیادہ کمزور طبقوں کو متاثر کرتے ہیں، اور کہا کہ اگر ملک اجتماعی طور پر اس بحران کا مقابلہ کرے تو ہندوستان مزید مضبوط بن سکتا ہے۔