آر ایس ایس کسی کے خلاف نہیں ہے: موہن بھاگوت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2025
آر ایس ایس کسی کے خلاف نہیں ہے: موہن بھاگوت
آر ایس ایس کسی کے خلاف نہیں ہے: موہن بھاگوت

 



نئی دہلی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت نے جمعہ کے روز منی پور کی دارالحکومت امفال میں قبائلی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے سماجی یکجہتی پر زور دیا اور کہا کہ سنگھ ایک ایسی تنظیم ہے جو سماج کو مضبوط بنانے کے لیے وقف ہے۔ اپنے تین روزہ منی پور دورے کے دوسرے دن بھاگوت نے امپھال میں مختلف قبائلی رہنماؤں سے گفتگو کی۔

اس دوران انہوں نے کہا: آر ایس ایس کسی کے خلاف نہیں ہے۔ یہ کسی کو تباہ کرنے کے لیے نہیں بلکہ سماج کو مکمل اور مضبوط بنانے کے لیے قائم ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنگھ نہ سیاست کرتا ہے اور نہ ہی کسی تنظیم کو پس پردہ رہ کر کنٹرول کرتا ہے۔ آر ایس ایس صرف دوستی، محبت اور سماجی ہم آہنگی کی بنیاد پر کام کرتا ہے۔

موہن بھاگوت نے بھارت کی تہذیبی تسلسل پر زور دیتے ہوئے کہا: "ہم مشترکہ شعور کے سبب ایک ہیں۔ تنوع کے باوجود ہم ایک ہی تہذیبی خاندان کا حصہ ہیں۔ یکجہتی ہمیشہ یکسانیت کا تقاضا نہیں کرتی۔" انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی بنیاد کسی بیرونی وجہ سے نہیں رکھی گئی تھی بلکہ داخلی انتشار کو دور کرنے کے مقصد سے ڈالی گئی تھی، اور ڈاکٹر کے بی ہیڈگیوار نے سماج کو جوڑنے کی کوشش کی۔

بھاگوت کے مطابق: "آر ایس ایس انسان سازی اور کردار سازی کی تحریک ہے۔" انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ سنگھ کی شاخوں میں جا کر خود دیکھیں کہ یہ تنظیم جڑ سطح پر کس طرح کام کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی تہذیب سے وابستگی اور سماج کی بھلائی کے لیے کام کرنے والا ہر شخص "غیر اعلانیہ رضاکار" ہے۔

قبائلی رہنماؤں کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے موہن بھاگوت نے کہا کہ یہ سب قومی اہمیت کے حامل موضوعات ہیں۔ انہوں نے خود انحصاری اور آئین کے دائرے میں رہ کر حل تلاش کرنے پر زور دیا۔ ان کے مطابق: "گھر کے مسائل گھر کے اندر ہی حل ہونے چاہئیں۔ بات چیت کا مبنیاد اتحاد پر ہونا چاہیے، نہ کہ سودے بازی پر۔" انہوں نے کہا کہ خطے کے کئی مسائل اور تقسیم کی جڑیں نوآبادیاتی دور کی پالیسیوں میں رہی ہیں۔

بھاگوت نے قبائلی رہنماؤں سے اپنی مقامی روایات، زبانوں اور رسم الخط پر فخر کرنے اور اپنی ثقافتی شناخت سے جڑی مقامی طرزِ زندگی اپنانے کی اپیل کی۔ نوجوان رہنماؤں کے ساتھ علیحدہ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارت کوئی نیا ملک نہیں بلکہ ایک قدیم اور مسلسل جاری رہنے والی تہذیب ہے۔

ملک کی تعمیر میں نوجوانوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی شاخیں ایسے ذمہ دار، قابل اور بے لوث شہری تیار کرتی ہیں جو اپنی صلاحیتیں ملک کے لیے وقف کرتے ہیں۔