ممبئی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت 6 اگست کو ممبئی کے نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر (این ایم اے سی سی) میں جین زی اور جین الفا کے نوجوانوں سے خطاب اور تبادلۂ خیال کریں گے۔یہ پروگرام انٹرنیشنل موومنٹ ٹو یونائٹ نیشنز (آئی آئی ایم یو این) کی 15 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی سالانہ چیمپئن شپ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کا حصہ ہوگا۔ اس کانفرنس میں ہندوستان کے 100 سے زائد شہروں سے آنے والے 2000 سے زیادہ ہائی اسکول طلبہ شرکت کریں گے۔15 سے 19 سال عمر کے یہ طلبہ مختلف اسکولوں اور کالجوں کی نمائندگی کریں گے۔ اسے نوجوانوں کی قیادت میں منعقد ہونے والے ملک کے بڑے اجتماعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
آئی آئی ایم یو این کے بانی رشبھ شاہ نے کہا کہ قیادت صرف نئی نسل کی رہنمائی کا نام نہیں بلکہ اس کی بات سننے کا عمل بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اس اہم دور میں نوجوانوں کے ساتھ مکالمہ پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے اور وہ موہن بھاگوت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس اجتماع سے خطاب کی دعوت قبول کی۔موہن بھاگوت کا خطاب آئی آئی ایم یو این کی سالانہ چیمپئن شپ کانفرنس کا آغاز ہوگا جہاں طلبہ مقامی قومی اور بین الاقوامی موضوعات پر مباحثہ کریں گے۔ ہر سال آئی آئی ایم یو این 108 کانفرنسوں کے ساتھ ہزاروں سماجی اور شہری سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے جن کی قیادت 15 سے 24 سال عمر کے نوجوان کرتے ہیں۔
افتتاحی تقریب کا موضوع "دنیا کو متحد کرنے میں نوجوانوں کا کردار، ہندوستانی انداز میں" رکھا گیا ہے۔2011 میں رشبھ شاہ کی جانب سے قائم کیا گیا آئی آئی ایم یو این ایک عوامی امور کا پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد ہندوستان کے نظریے کو فروغ دے کر دنیا کو قریب لانا اور مستقبل کے رہنماؤں کی تربیت کرنا ہے۔
ادارے کے مشاورتی بورڈ میں اجے پیرامل، دیپک پاریکھ، ندیر گودریج، ششی تھرور، جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، کرن جوہر، مسلح افواج کے سابق سربراہان اور پی ٹی اوشا سمیت مختلف شعبوں کی ممتاز شخصیات شامل ہیں۔اپنے 15 ویں سال میں داخل ہونے والا آئی آئی ایم یو این اب ہندوستان کے 275 شہروں اور 40 ممالک تک اپنی سرگرمیاں پھیلا چکا ہے۔ تنظیم کے مطابق اس کے پروگراموں سے اب تک 7.5 کروڑ سے زیادہ نوجوان مستفید ہو چکے ہیں جبکہ 1.5 لاکھ سے زائد اسکولوں اور کالجوں کے ساتھ اس کا اشتراک ہے۔