مہاراشٹر کے لیے 1.50 لاکھ کروڑ روپے کے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے منظور: گڈکری

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-12-2025
مہاراشٹر کے لیے 1.50 لاکھ کروڑ روپے کے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے منظور: گڈکری
مہاراشٹر کے لیے 1.50 لاکھ کروڑ روپے کے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے منظور: گڈکری

 



ناگپور/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ہفتہ کے روز کہا کہ مہاراشٹر میں سال 2026 تک ایک لاکھ پچاس ہزار کروڑ روپے کے سڑک تعمیراتی منصوبوں کو منظوری دے دی گئی ہے۔ گڈکری نے ودھان بھون احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان منصوبوں پر کام کا آغاز اگلے تین مہینوں میں ہو جائے گا۔ اس وقت اسمبلی کا اجلاس بھی اسی احاطے میں جاری ہے۔
ناگپور کے رکنِ پارلیمان نتن گڈکری ودھان پریشد کے صد سالہ جشن میں شرکت کے لیے ودھان بھون پہنچے تھے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ مہاراشٹر اسٹیٹ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم ایس آئی ڈی سی) 16,318 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک نیا پونے–چھترپتی سنبھاجی نگر ایکسپریس وے تعمیر کرے گی، جس کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر کارروائی مکمل ہو چکی ہے۔ نئے ایکسپریس وے کے بننے سے پونے سے چھترپتی سنبھاجی نگر تک کا سفر صرف دو گھنٹے میں طے ہو سکے گا، جبکہ چھترپتی سنبھاجی نگر سے ناگپور کا سفر صرف ڈھائی گھنٹے میں مکمل ہو جائے گا۔
گڈکری نے کہا کہ 4,207 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی تلے گاؤں–چاکن–شکر پور ایلیویٹڈ سڑک کا بھومی پوجن مقامی بلدیاتی انتخابات کے مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہڈپسَر–یاوت ایلیویٹڈ روڈ کے لیے تفصیلی منصوبہ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کی جا رہی ہے اور انتخابات کے بعد اس کی تعمیر شروع ہو جائے گی۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ پونے علاقے کے لیے 50,000 کروڑ روپے کے سڑک منصوبوں کو منظوری دی جا چکی ہے اور ان پر بھی اگلے تین مہینوں میں کام شروع ہو جائے گا۔ گڈکری نے مزید بتایا کہ موجودہ پونے–ممبئی ایکسپریس وے کے متوازی بننے والا نیا ایکسپریس وے دونوں شہروں کے درمیان سفر کا وقت گھٹا کر صرف ڈیڑھ گھنٹہ کر دے گا۔ اس ایکسپریس وے کی مجوزہ لاگت 15,000 کروڑ روپے ہے۔ اس کے مکمل ہونے کے بعد ممبئی–پونے–بنگلور کا سفر تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے میں ممکن ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ پچاس ہزار کروڑ روپے کے سڑک تعمیراتی منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے، جن پر 2026 میں کام شروع ہوگا۔ ان میں سے 50,000 کروڑ روپے کے منصوبے محکمۂ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کو سونپے گئے ہیں۔