نئی دہلی / آواز دی وائس
لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے سربراہ چراغ پاسوان نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے بہار کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں کو مؤثر سیاسی نمائندگی دینے میں ناکامی ظاہر کی ہے۔
یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب مہاگٹھ بندھن نے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کو وزیرِاعلیٰ اور وی آئی پی سربراہ مکیش سہنی کو نائب وزیرِاعلیٰ کے امیدوار کے طور پر اعلان کیا۔ چراغ پاسوان نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں 2005 کے بہار اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُن کے والد اور ایل جے پی کے بانی، آنجہانی رام ولاس پاسوان نے "ایک مسلمان کو وزیرِاعلیٰ بنانے کے لیے اپنی پارٹی کی قربانی دے دی تھی"، مگر آر جے ڈی نے اُس وقت بھی ان کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آر جے ڈی اُس وقت بھی کسی مسلمان کو وزیرِاعلیٰ بنانا نہیں چاہتی تھی، اور آج بھی انہیں اقتدار میں منصفانہ حصہ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔
چراغ پاسوان نے لکھا کہ 2005 میں میرے رہنما، میرے والد آنجہانی رام ولاس پاسوان جی نے ایک مسلمان کو وزیرِاعلیٰ بنانے کے لیے اپنی پارٹی قربان کر دی ۔ پھر بھی آپ نے ان کی حمایت نہیں کی۔ آر جے ڈی اُس وقت بھی مسلمان وزیرِاعلیٰ کے لیے تیار نہیں تھی، اور آج 2025 میں بھی نہ تو مسلمان وزیرِاعلیٰ دینے کو تیار ہے اور نہ ہی نائب وزیرِاعلیٰ۔
انہوں نے مزید سوال اٹھایا کہ اگر آپ ہمیشہ غلام ووٹ بینک بنے رہیں گے تو آپ کو عزت اور شرکت کیسے ملے گی؟ اس سے قبل چراغ پاسوان نے مہاگٹھ بندھن پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ وہ مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں چراغ پاسوان نے کہا کہ یہ وہی آر جے ڈی ہے جس سے میرے والد نے 2005 میں کہا تھا کہ کسی مسلمان کو وزیرِاعلیٰ بناؤ۔ مگر انہوں نے ایسا کیوں نہیں کیا؟ وہ کچھ کہتے ہیں اور کرتے کچھ اور ہیں۔ ان کے لیے مسلمان صرف ووٹ بینک ہیں۔ مسلمانوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ہماری حکومت کی اسکیمیں سب کے فائدے کے لیے ہیں۔
جمعرات کو مہاگٹھ بندھن نے واضح کیا کہ بہار انتخابات میں اس اتحاد کی قیادت آر جے ڈی لیڈر اور حزبِ اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو کریں گے، جو وزیرِاعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔ وِکاس شیل انسان پارٹی کے سربراہ مکیش سہنی کو ریاست میں نائب وزیرِاعلیٰ کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ 2025 کے بہار اسمبلی انتخابات میں مرکزی مقابلہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) اور مہاگٹھ بندھن کے درمیان ہوگا۔
اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے، جبکہ نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔