خام تیل کی قیمتوں کا افراط زر پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا: سیتا رمن

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-03-2026
خام تیل کی قیمتوں کا افراط زر پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا: سیتا رمن
خام تیل کی قیمتوں کا افراط زر پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا: سیتا رمن

 



نئی دہلی
وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے پیر کے روز کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا مہنگائی پر زیادہ اثر پڑنے کا امکان نہیں ہے کیونکہ ملک میں افراطِ زر پہلے ہی اپنی نچلی سطح کے قریب ہے۔
سیتارمن نے لوک سبھا میں ایک تحریری سوال کے جواب میں بتایا کہ عالمی خام تیل اور ہندوستانی باسکٹ (بین الاقوامی خام تیل کی قیمتوں کا وزنی اوسط جسے ہندوستانی ریفائنریاں خریدتی ہیں) دونوں کی قیمتوں میں گزشتہ ایک سال سے مسلسل کمی کا رجحان تھا۔ تاہم 28 فروری 2026 کو مغربی ایشیا میں تنازع شروع ہونے کے بعد ان میں تیزی دیکھی گئی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا كہ فروری کے آخر سے 2 مارچ 2026 تک خام تیل کی قیمت (ہندوستانی باسکٹ) 69.01 امریکی ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 80.16 امریکی ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ چونکہ ہندوستان میں افراطِ زر اپنی نچلی سطح کے قریب ہے، اس لیے فی الحال مہنگائی پر اس کا اثر نمایاں نہیں سمجھا جا رہا۔وہ اس سوال کا جواب دے رہی تھیں کہ کیا حکومت نے بڑھتی ہوئی عالمی خام تیل کی قیمتوں کے ہندوستان میں مہنگائی پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا ہے۔
امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران پر فوجی حملے کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ اس کے جواب میں ایران نے خطے میں امریکی اڈوں کے ساتھ ساتھ اسرائیل پر بھی حملے کیے ہیں۔
اس سوال کے جواب میں وزیر نے مزید کہا کہ ہندوستانی ریزرو بینک کی اکتوبر 2025 کی مانیٹری پالیسی رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا تھا کہ اگر خام تیل کی قیمتیں بنیادی اندازوں سے 10 فیصد زیادہ ہو جائیں اور اس کا مکمل اثر گھریلو قیمتوں پر پڑے تو افراطِ زر تقریباً 0.3 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
تاہم، عالمی خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا درمیانی مدت میں افراطِ زر پر اثر کئی عوامل پر منحصر ہوتا ہے۔ ان میں شرحِ تبادلہ میں اتار چڑھاؤ، عالمی طلب و رسد کی صورتحال، مانیٹری پالیسی کے فوائد کا صارفین تک منتقل ہونا، عمومی افراطِ زر کی حالت اور بالواسطہ اثرات کی حد شامل ہیں۔
صارف قیمت اشاریہ  کی بنیاد پر اوسط خوردہ افراطِ زر 2025-26 (اپریل تا جنوری) کے دوران گھٹ کر 1.8 فیصد رہ گیا، جبکہ 2024-25 میں یہ 4.6 فیصد اور 2023-24 میں 5.4 فیصد تھا۔