نئی دہلی / آواز دی وائس
وزیرِاعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز چھٹھی مَیّا کو منسوب گیت شیئر کیے اور چھٹھ مہاپرب کی روحانی و ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پورے ملک کے عقیدت مندوں کو مبارکباد پیش کی۔ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں وزیرِاعظم مودی نے لکھا کہ آج اس مقدس موقع پر میں چھٹھی مَیّا (دیوی چھٹھی) کو منسوب کچھ گیت آپ سب کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں، جو سننے والوں کے دلوں کو روحانی سرور بخشیں گے۔ بہار سمیت پورے ملک کے تمام عقیدت مندوں کو میری دلی نیک خواہشات۔
وزیرِاعظم نے جمعہ کے روز اپنے بیگوسرائے کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ معروف لوک گلوکارہ شاردا سنہا کا اس علاقے سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاردا سنہا اور دیگر بہاری لوک فنکاروں نے اپنی دھنوں اور گیتوں کے ذریعے چھٹھ تہوار کو مزید خوبصورت اور بامعنی بنایا ہے۔ مودی نے لکھا کہ مجھے کل بیگوسرائے جانے کا موقع ملا ۔ بہار کی بلبل، شاردا سنہا جی کا اس علاقے سے گہرا رشتہ ہے۔ شاردا سنہا جی اور بہار کے کئی دیگر لوک فنکاروں نے اپنے گیتوں سے چھٹھ تہوار کو ایک انوکھا رنگ دیا ہے۔ تہوار کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ چھٹھ مہاپرب "ایمان، عبادت اور فطرت سے محبت کا ایک منفرد سنگم ہے"۔ اس میں غروب اور طلوعِ آفتاب دونوں کو نذرانے پیش کیے جاتے ہیں، جبکہ پرساد میں قدرت کے رنگ جھلکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھٹھ کے گیت فطرت اور عقیدت کے حسین امتزاج کی مثال ہیں۔ وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ چھٹھ اب پوری دنیا میں ایک عظیم ثقافتی تہوار کے طور پر منایا جاتا ے، جہاں دنیا بھر میں رہنے والے ہندوستانی خاندان بڑی عقیدت و محبت سے اس کی روایات میں حصہ لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج چھٹھ پوری دنیا کے ہر کونے میں ایک عظیم ثقافتی تہوار کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں مقیم ہندوستانی خاندان اس کی روایات میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ وزیرِاعظم مودی نے اس تہوار کو "سادگی اور ضبط کی علامت" قرار دیا، جس کی پاکیزگی اور روایت پر عمل کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ چھٹھ گھاٹوں کا منظر خاندانی اور سماجی ہم آہنگی کی بہترین مثال پیش کرتا ہے، اور یہ قدیم روایت معاشرے پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔