نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں سزائے موت پانے والے مجرموں کو پھانسی دینے کے موجودہ طریقۂ کار کو ختم کرکے کم تکلیف دہ طریقوں، جیسے رگ کے ذریعے مہلک انجیکشن دینے، کو اختیار کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اس فیصلے سے مرکزی حکومت کو موجودہ طریقۂ کار کا جامع جائزہ لینے سے نہیں روکا جائے گا۔ حکومت ماہرین کی ایک کمیٹی کے ذریعے یہ جائزہ لے سکتی ہے کہ آیا سزائے موت پر عمل درآمد کا کوئی متبادل طریقہ آئینی مقصد، یعنی غیر ضروری تکلیف کو کم کرنے اور سزائے موت پانے والے قیدی کے وقار کو برقرار رکھنے کے تقاضوں کو بہتر طور پر پورا کرتا ہے یا نہیں۔
بنچ نے یہ فیصلہ سینئر وکیل رشی ملہوترا کی جانب سے 2017 میں دائر کی گئی درخواست پر سنایا۔ درخواست میں سزائے موت پانے والے مجرموں کو پھانسی دینے کے موجودہ طریقے کو قانون سے ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ درخواست میں پھانسی کے ذریعے سزائے موت دینے کا طریقہ ختم کرکے ’’رگ کے ذریعے مہلک انجیکشن، گولی مارنے، بجلی کا جھٹکا دینے یا گیس چیمبر‘‘ جیسے نسبتاً کم تکلیف دہ طریقے اختیار کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران رشی ملہوترا نے کہا تھا کہ کم از کم سزائے موت پانے والے قیدی کو یہ اختیار دیا جانا چاہیے کہ وہ پھانسی یا مہلک انجیکشن میں سے کسی ایک طریقے کا انتخاب کر سکے۔
مارچ 2023 میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ وہ ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دینے پر غور کر سکتی ہے، جو یہ جائزہ لے کہ سزائے موت پر پھانسی کے ذریعے عمل درآمد متناسب اور کم تکلیف دہ ہے یا نہیں۔ عدالت نے اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے ’’بہتر اعداد و شمار‘‘ بھی طلب کیے تھے۔ تاہم سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ وہ مقننہ کو سزائے موت پانے والے مجرموں کے لیے کسی مخصوص طریقۂ کار کو اختیار کرنے کی ہدایت نہیں دے سکتی۔ 2018 میں مرکزی حکومت نے اس قانونی شق کی بھرپور حمایت کی تھی جس کے تحت سزائے موت پانے والے مجرم کو صرف پھانسی دے کر موت کے گھاٹ اتارا جاتا ہے۔
حکومت نے عدالت کو بتایا تھا کہ مہلک انجیکشن اور گولی مارنے جیسے دیگر طریقے لازماً کم تکلیف دہ نہیں ہیں۔ وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری کی جانب سے داخل کیے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ پھانسی ’’فوری اور سادہ‘‘ طریقہ ہے اور اس میں ایسی کوئی چیز نہیں جو قیدی کی تکلیف کو ’’غیر ضروری طور پر بڑھا دے‘‘۔ یہ حلف نامہ مفادِ عامہ کی اس درخواست کے جواب میں داخل کیا گیا تھا، جس میں لا کمیشن کی 187ویں رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سزائے موت پر عمل درآمد کے موجودہ طریقے کو قانون سے ہٹانے کی سفارش کی گئی تھی۔