معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر آنند ناڈکرنی کا انتقال

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-05-2026
معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر آنند ناڈکرنی کا انتقال
معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر آنند ناڈکرنی کا انتقال

 



نئی دہلی
معروف ماہرِ نفسیات، مصنف اور سماجی کارکن ڈاکٹر آنند ناڈکرنی کا جمعہ کی صبح طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ وہ 67 برس کے تھے۔ڈاکٹر ناڈکرنی کی قائم کردہ تنظیم ’انسٹی ٹیوٹ فار سائیکولوجیکل ہیلتھ‘ (آئی پی ایچ) نے یہ اطلاع دی۔ وہ ممبئی کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہمہ جہت شخصیت کا مالک قرار دیا۔مہاراشٹر کے جلگاؤں ضلع میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر ناڈکرنی نے اپنی پوری زندگی طبّی سائنس اور سماجی خدمت کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے 1990 میں تھانے میں غیر منافع بخش ادارہ آئی پی ایچ کی بنیاد رکھی، جہاں آج 70 سے زائد ذہنی صحت کے ماہرین خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، وہ پونے میں واقع مکتانگن بازآبادکاری مرکز کے بانی اور ٹرسٹی بھی رہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر ناڈکرنی نے مراٹھی زبان میں 17 کتابیں تحریر کیں، جن میں سے کئی کا انگریزی اور بریل زبان میں بھی ترجمہ کیا جا چکا ہے۔ مہاراشٹر ایجوکیشن بورڈ نے ان کی تحریروں کو نویں جماعت کی مراٹھی نصابی کتاب میں شامل کیا ہے۔
آئی پی ایچ نے کہا کہ قومی ایوارڈ یافتہ فلم ’دیورائی‘ اور ریاستی ایوارڈ یافتہ فلم ’کداچت‘ میں بھی وہ بطور مشیر وابستہ رہے۔ان کے ایک ساتھی نے کہا کہ ڈاکٹر ناڈکرنی نے ذہنی صحت جیسے اہم موضوع کو سماج کے ہر طبقے تک پہنچایا۔ ہندو فلسفے اور تاریخ پر لیکچرز ہوں یا طلبہ کے لیے حوصلہ افزا آلبمز، ان کا ہمہ جہت نظریہ بے مثال تھا۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ ان کی آخری رسومات تھانے میں دوپہر کے وقت ادا کی جائیں گی۔
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ناڈکرنی کے انتقال کو ’’انتہائی افسوسناک اور صدمہ پہنچانے والا‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ بے پناہ توانائی اور خوش مزاج طبیعت کے مالک ڈاکٹر ناڈکرنی تھانے کے لوگوں میں بے حد مقبول تھے۔ ساڑھے تین دہائیوں تک انہوں نے نفسیاتی علاج کے شعبے میں انتھک محنت کی۔