کورونااور لاک ڈائون سے باہرآنے کی کوشش میں دینی مدارس،داخلہ جاری

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
 دینی مدارس میں داخلہ جاری
دینی مدارس میں داخلہ جاری

 

 

غوث سیوانی،نئی دہلی

ماہِ شوال، مدارس دینیہ کے لیے اس لئےخاص ہوتاہے کہ اسی مہینے میں نئے داخلے شروع ہوتے ہیں۔ کورونا دور میں جہاں ساری دنیا زیراثرآئی ،وہاں مدارس اسلامیہ کا بچنا بھی محال تھا۔ گزشتہ سال مارچ میں جب کوروناکے سبب پورے ملک میں کاروبار زندگی متاثرہواتو مدرسے بھی بند ہوگئے۔ تعلیمی سرگرمیاں ٹھہرگئیں،ہاسٹل خالی کرالئے گئے، طلبہ کوواپس گھر بھیج دیاگیااور مدرسوں کے دروازوں پر تالے ڈال دیئے گئے۔اس دوران کچھ مدرسوں نے آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا مگر بیشتر مدرسوں میں تعلیمی سرگرمیاں موقوف ہوگئیں۔ اب جب کوروناکا دوسرا دور بھی ختم ہوچکا ہے اور بیشتر ریاستوں میں لاک ڈائون ختم ہوچکا ہے تو دینی مدارس نے دوبارہ اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ مدرسوں میں داخلے شروع ہوگئے ہیں۔

دیوبندمیں تعلیم کا آغاز

دنیا کے معروف علمی مرکزدارالعلوم دیوبند نے گزشتہ دنوں ایک مٹینگ کی جس میں تعلیمی سرگرمیوں کو شروع کرنے اور نئے داخلے لینے کا اعلان کیا۔دیوبند نے اترپردیش حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق چلنے کا اعلان کیا ہے۔ میٹنگ میں دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ نے یہ طے کیا ہے کہ درجہ عربی،دوم،سوم،چہارم میں داخل قدیم طلبہ اور آن لائن درخواستوں کی کی بنیاد پر تکمیلات،تخصصات اور شعبہ جات میں جن طلبہ کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔وہ طلبہ یکم جولائی 2021تک دیوبند پہنچ کر اپنے داخلہ کی تکمیل سے متعلق کارروائی عمل میں لائیں،تاکہ قانونی اجازت حاصل ہونے پر تعلیمی سلسلہ شروع کیا جا سکے۔ دیوبند کی راہ پر اترپردیش کے دیگر بہت سے مدرسے بھی چل رہے ہیں۔ دیوبند میں دارالعلوم کے علاوہ بھی کچھ مدارس ہیں نیز سہارنپور میں بھی کئی مدرسے ہیں جو کھل گئے ہیں یا کھلنے کی راہ پر ہیں۔

فلاح میں داخلے

ملک کے ایک معروف دینی ادارے جامعۃ الفلاح،بلریاگنج، اعظم گڑھ کھل گیا ہے اور نئے داخلے بھی شروع کردئے گئے ہیں۔ مدرسے کی ویب سائٹ پر ایک ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یکم جولائی تک نئے داخلے کرالیں اور پرانے داخلوں کی تجدید کرلیں۔ اترپردیش کے ایک دوسرے مدرسے مدرسۃ الاصلاح،سرائے میر،اعظم گڑھ میں بھی داخلہ جاری ہے۔مدرسے کی ویب سائٹ پر فارم موجودہے اور ڈائون لوڈ کا آپشن بھی دیاگیا ہے۔

جامعۃ الہدایہ بھی کھل گیا

راجستھان کی معروف دینی و عصری درسگاہ جامعۃ الہدایۃ جے پور نے بھی نئے تعلیمی سال 1442.23 مطابق 22.2021 کیلئے آن لائن داخلے کا اعلان کیاہے۔ داخلے درجہ ششم تا عالمیت و افتا اور شعبہ حفظ و تجوید میں ہورہے ہیں۔ نیز فارغین مدارس کیلئے یک سالہ افتا کے کورس میں بھی داخلے ہورہے ہیں۔امیدوار جامعة الہدایة کی ویب سائٹ پر جاکر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔مولانافضل الرحیم مجددی نے ایک تحریری بیان میں یہ جانکاری دی ہے۔

داخلوں کا آغاز

الجامعۃ الاسلامیہ روناہی،فیض آباد نے مئی میں ہی داخلے کا اعلان کردیاتھا مگر موجودہ حالات کے پیش نظر کچھ کلاسوں میں ہی داخلے ہورہے ہیں۔داخلوں کے سلسلے میں نگرانی کا کاکام مولاناسلمان رضا قادری کوسونپاگیا ہے۔اسی طرح الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور،اعظم گڑھ میں بھی تعلیمی سرگرمیوں کے آغازکے لئے نئے پرنسپل کی بحالی ہوئی ہے۔

سلفیہ نے پہلے قدم اٹھایا


بنارس کے معروف اہل حدیث مدرسے جامعہ سلفیہ نے گزشتہ ۸ جون کو داخلوں کا اعلان کیا تھا۔اعلان میں تمام پرانے طلبہ کو تجدیدداخلہ کے لئے کہا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق اب تک سینکڑوں طلبہ تجدیدداخلہ کراچکے ہیں اور کچھ نئے طلبہ بھی آئے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ دینی مدرسے پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں اور الگ الگ ریاستوں میں ہیں۔ سبھی ریاستی سرکاروں کی الگ الگ گائیڈ لائنس ہیں جن پر مدرسے عمل کر رہے ہیں۔ چونکہ بہت سی ریاستوں میں ابھی اسکول کھولنے کی اجازت نہیں ہے لہٰذا مدرسے بھی پابندی کی زد میں ہیں۔