قابلِ اعتماد اور شفاف: وزیر اعظم مودی کا امتحانی اصلاحات کے لیے نندن نیلکنی کی سربراہی میں ٹاسک فورس کا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2026
قابلِ اعتماد اور شفاف: وزیر اعظم مودی کا امتحانی اصلاحات کے لیے نندن نیلکنی کی سربراہی میں ٹاسک فورس کا اعلان
قابلِ اعتماد اور شفاف: وزیر اعظم مودی کا امتحانی اصلاحات کے لیے نندن نیلکنی کی سربراہی میں ٹاسک فورس کا اعلان

 



 نئی دہلی، 26 جولائی (اے این آئی): وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو امتحانی اصلاحات کے لیے ٹیکنالوجی کے ماہر نندن نیلکنی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیا۔ یہ اعلان مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے ایک روز بعد کیا گیا ہے۔ پردھان نے NEET-UG 2026 امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں اور پیپر لیک کے خلاف ملک گیر احتجاج کے درمیان استعفیٰ دیا تھا۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ٹاسک فورس اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور اس بات پر زور دیا کہ ملک میں امتحانات کا نظام قابلِ اعتماد، شفاف اور ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے والا ہونا چاہیے۔

ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت طلبہ کے مستقبل کے لیے مسلسل مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والے افراد جیل میں ہیں، جبکہ حکومت پہلے ہی فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کر چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں ایک نیا قانون لانے کی سمت بھی پیش رفت جاری ہے، جس میں سخت قانونی دفعات شامل ہوں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے امتحانی نظام کو قابلِ اعتماد اور شفاف بنانا ضروری ہے اور اس میں ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا، ’’ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے دنیا کے معروف ٹیکنالوجی ماہر نندن نیلکنی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹاسک فورس امتحانی اصلاحات پر توجہ مرکوز کرے گی اور اس کی رپورٹ کی بنیاد پر آئندہ ہونے والے امتحانات کی ساکھ اور اعتبار کو یقینی بنانے کے لیے جلد از جلد اقدامات کیے جائیں گے۔‘‘

اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ ماہرین نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے زیر اہتمام ہونے والے امتحانات کے نظام میں اصلاحات اور اسے ازسرنو منظم کرنے کے لیے تجاویز پیش کریں گے۔ ٹاسک فورس کی توجہ امتحانات میں جدید ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی اور ساختی اصلاحات پر بھی مرکوز ہوگی۔

ٹاسک فورس کے دیگر ارکان میں سابق ISRO چیئرمین ایس سوم ناتھ، سابق انٹیلی جنس بیورو ڈائریکٹر تپن ڈیکا، IIT مدراس کے ڈائریکٹر وی کاماکوٹی، سابق سکریٹری تعلیم انیتا کروال اور لاجسٹکس کے ماہر امِت لال مینا شامل ہیں۔

دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کے اہم مطالبات میں شامل تھا۔ اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس معاملے کو بارہا پارلیمنٹ میں اٹھایا تھا۔

دریں اثنا، مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے اتوار کو نئی دہلی میں وزارت تعلیم کا اضافی چارج سنبھال لیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزارت کے کام کاج کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور اعلیٰ افسران کے ساتھ متعدد اجلاس بھی کیے ہیں۔

اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے پرہلاد جوشی نے کہا کہ وزیر اعظم نے مکمل اعتماد کے ساتھ انہیں یہ ذمہ داری سونپی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ روز کرناٹک میں تھے اور رات کو دہلی پہنچنے کے بعد اتوار کی صبح وزارت کا چارج سنبھالا۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزارت سے متعلق تمام تفصیلات اور آئندہ کیے جانے والے فیصلوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور وزارت کے مجموعی کام کاج کو سمجھنے کے لیے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

پرہلاد جوشی نے مزید کہا کہ انہوں نے دن بھر مسلسل اجلاس کیے اور وزارت کے اعلیٰ افسران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ ان کے مطابق وزارت تعلیم ایک بہت بڑا محکمہ ہے، اس لیے مکمل طور پر صورت حال کو سمجھنے کے بعد وہ اس حوالے سے تفصیل سے بات کریں گے۔