دہلی کے تمام کچی آبادیوں کو جنوری 2025 تک بحالی کے فوائد ملیں گے: وزیر اعلیٰ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2026
دہلی کے تمام کچی آبادیوں کو جنوری 2025 تک بحالی کے فوائد ملیں گے: وزیر اعلیٰ
دہلی کے تمام کچی آبادیوں کو جنوری 2025 تک بحالی کے فوائد ملیں گے: وزیر اعلیٰ

 



نئی دہلی
دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو اعلان کیا کہ ان کی حکومت نے قومی دارالحکومت میں یکم جنوری 2025 تک قائم ہونے والی تمام اہل جھگی بستیوں کے رہائشیوں کو بازآبادکاری کا فائدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے تقریباً 20 لاکھ افراد کے لیے پکے مکانات کی راہ ہموار ہوگی۔
یہ فیصلہ ریکھا گپتا کی صدارت میں منعقد ہونے والی دہلی اربن شیلٹر امپروومنٹ بورڈ (ڈی یو ایس آئی بی) کی 36ویں بورڈ میٹنگ میں کیا گیا۔ریکھا گپتا نے کہا کہ اجلاس میں طے کیا گیا ہے کہ دہلی میں یکم جنوری 2025 تک قائم تمام اہل جھگی بستیوں کے مکینوں کو بازآبادکاری کا فائدہ دیا جائے گا۔ اس تاریخی فیصلے سے دارالحکومت کی جے جے بستیوں میں رہنے والے تقریباً چار سے پانچ لاکھ خاندانوں، یعنی قریب 20 لاکھ افراد کے لیے باعزت اور مستقل رہائش کا راستہ کھل جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ حال ہی میں مرکزی وزیرِ داخلہ و تعاون امت شاہ کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس اور "دہلی سلم اور جے جے کلسٹر بازآبادکاری و منتقلی پالیسی 2026" کے تحت کیے گئے فیصلوں کے مطابق کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ فیصلہ صرف مکانات فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ لاکھوں خاندانوں کو محفوظ، باوقار اور بہتر زندگی فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے پرانی اہلیت کی تاریخ کی وجہ سے بڑی تعداد میں خاندان بازآبادکاری کے فوائد سے محروم رہ جاتے تھے۔ نئی کٹ آف تاریخ مقرر ہونے کے بعد اب زیادہ سے زیادہ اہل خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ریکھا گپتا نے بتایا کہ اہل خاندانوں کو تمام ضروری شہری سہولتوں سے آراستہ کثیر منزلہ عمارتوں میں فلیٹ فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ’جہاں جھگی، وہیں مکان‘ کے عزم کے مطابق اہل خاندانوں کی بازآبادکاری حتیٰ الامکان ان کی موجودہ بستی یا اس کے قریبی علاقوں میں کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی بازآبادکاری کالونیوں میں بہتر زندگی کے لیے تمام ضروری سماجی اور شہری سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی، جن میں آنگن واڑی مراکز، اسکول، صحت مراکز، بچوں کے کھیل کے میدان اور دیگر بنیادی سہولتیں شامل ہوں گی۔
وزیرِ اعلیٰ کے مطابق نئی پالیسی میں خاندانی توسیع کی حقیقی صورتحال کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ اگر کسی جھگی میں ایک ہی خاندان کے افراد مختلف منزلوں پر الگ الگ یونٹس میں رہ رہے ہوں تو مقررہ اضافی فیس کے ساتھ انہیں بھی بازآبادکاری کے دائرے میں شامل کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
ریکھا گپتا نے کہا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے ذریعے بازآبادکاری کے منصوبوں کو مشن موڈ میں آگے بڑھائے گی تاکہ ہر اہل خاندان کو محفوظ، باعزت اور بہتر رہائش فراہم کی جا سکے۔