ممبئی: مختلف طلبہ تنظیموں کے مسلسل مطالبات کے بعد مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ممبئی میں مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن (ایم پی ایس سی) کے چیئرمین وویک بھیمنوار، ریاست کے چیف سیکریٹری اور محکمۂ عمومی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں دیویندر فڑنویس نے کہا، ’’محفوظ اور شفاف بھرتی کا نظام یقینی بنانا ہمیشہ میری ترجیح رہا ہے۔
اسی لیے امتحانی نظام بھی مکمل طور پر شفاف ہونا چاہیے۔ امتحانات مقررہ وقت پر منعقد ہوں اور ان کے نتائج بھی طے شدہ مدت میں جاری کیے جائیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اصلاحات نافذ کرتے وقت موجودہ نظام سے نئے نظام میں منتقلی ہموار ہونی چاہیے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مناسب تیاری کا وقت دیا جانا ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی لیے ان اصلاحات کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے اور کمپیوٹر پر مبنی امتحانی نظام (سی بی ٹی) فوری طور پر نافذ نہ کیا جائے، بلکہ اسے اگست 2027 سے شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے طلبہ کو تیاری کے لیے کافی وقت ملے گا اور متعلقہ ادارے بھی نئے نظام کے لیے خود کو بہتر طور پر تیار کر سکیں گے۔ اس مدت تک امتحانات موجودہ طریقۂ کار کے مطابق ہی منعقد کیے جائیں۔ فڑنویس نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں اب مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کو ضروری فیصلہ کرنا چاہیے۔