ریئل کیرالہ اسٹوری: ہندو - مسلم اتحاد کے سبب عبد الرحیم کی سعودی جیل سے رہائی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-05-2026
ریئل کیرالہ اسٹوری: ہندو - مسلم اتحاد ،عبد الرحیم کی سعودی جیل سے رہائی
ریئل کیرالہ اسٹوری: ہندو - مسلم اتحاد ،عبد الرحیم کی سعودی جیل سے رہائی

 



کالی کٹ:  کیرالہ کے رہائشی عبد الرحیم تقریباً دو دہائیوں تک سعودی عرب کی جیل میں قید رہنے کے بعد عید کے موقع پر اپنے آبائی شہر کوژی کوڈ واپس پہنچ گئے۔ ان کی رہائی کو حالیہ برسوں کی سب سے بڑی انسانی ہمدردی مہمات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

مگر  اس طویل قانونی جدوجہد کے پس پردہ جو اصل طاقت کارفرما تھی اسے اب “ریئل کیرالہ اسٹوری” کہا جا رہا ہے۔ یہ کہانی کیرالہ میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان مضبوط رشتے۔ باہمی اعتماد اور انسانیت پر مبنی اتحاد کی خوبصورت مثال بن کر سامنے آئی ہے۔کیرالہ کی سرزمین سے انسانیت۔ بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی ایسی مثال سامنے آئی جس نے پوری دنیا کو متاثر کر دیا۔ سعودی عرب میں سزائے موت کا سامنا کرنے والے ہندوستانی شہری عبد الرحیم کی رہائی کے لیے ہندوؤں اور مسلمانوں نے مل کر 34 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جمع کی اور آخرکار ان کی زندگی بچانے میں کامیابی حاصل کی۔

واپسی پر انکھوں میں چمک اور چہرے پر امیدوں کی روشنی

کیا ہوا اور کیسے؟ 

 کئی برسوں تک قانونی جنگ جاری رہی۔ آخرکار مقتول کے اہل خانہ نے دیت قبول کرتے ہوئے عبد الرحیم کو معاف کرنے پر آمادگی ظاہر کی لیکن اس کے لیے تقریباً 34 کروڑ روپے کی خطیر رقم درکار تھی۔

جب یہ خبر سامنے آئی کہ عبد الرحیم کے اہل خانہ اتنی بڑی رقم جمع کرنے سے قاصر ہیں تو کیرالہ اور سعودی عرب میں موجود ملیالی برادری نے “سیو عبد الرحیم” مہم شروع کی۔ اس مہم میں نہ صرف مسلمان بلکہ ہندو برادری نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ لوگوں نے مذہب اور ذات پات سے بالاتر ہو کر انسانیت کے نام پر چندہ دیا۔

فنڈ مہم  ایک معجزہ

 عبد الرحیم کی رہائی کے لیے چلائی گئی مہم کے دوران صرف 9 منٹ میں ایک کروڑ روپے جمع ہونے کا حیران کن واقعہ بھی سامنے آیا۔فنڈ جمع کرنے والی کمیٹی نے مہم کو تیزی سے پھیلانے کے لیے تقریباً ایک ہزار ارکان پر مشتمل چار واٹس ایپ گروپس قائم کیے تھے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پیغام پہنچایا جا سکے۔

رمضان کے پانچویں دن تک صرف 5 کروڑ روپے جمع ہو سکے تھے لیکن 20ویں رمضان تک عطیات میں تیزی آنا شروع ہوگئی۔ مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا اور لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ عبد الرحیم کی رہائی کے لیے بڑھ چڑھ کر تعاون کریں۔

رمضان کی 27ویں شب جسے مسلمان شب قدر مانتے ہیں اس مہم کے لیے ایک تاریخی موڑ ثابت ہوئی۔ صرف اسی ایک دن میں تقریباً 9 کروڑ روپے جمع ہوئے۔ فنڈ کمیٹی کے کنوینر کے کے علی کٹی نے بتایا کہ جب 12 اپریل کو مقررہ ہدف مکمل ہوا تو فنڈ ریزنگ مہم اپنے عروج پر پہنچ چکی تھی اور صرف 9 منٹ میں ایک کروڑ روپے مزید جمع ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر عطیہ دینے والے عام لوگ تھے جنہوں نے اپنے پس منظر اور مذہب سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ آٹو رکشہ ڈرائیوروں سے لے کر کڈمب شری ورکرز تک ہر شخص نے اپنی استطاعت کے مطابق حصہ ڈالا۔کے کے علی کٹی کے مطابق “یہی اصل کیرالہ اسٹوری ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ سب ایسے وقت میں ہوا جب لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں۔” دنیا بھر سے لوگوں نے اس قدر تعاون کیا کہ مجموعی رقم 47 کروڑ روپے سے بھی تجاوز کر گئی

ایک وقت بیٹے کی واپسی کا انتظار کرتی ماں

ایک حادثہ تھا قتل

 عبد الرحیم صرف 26 سال کے تھے جب وہ کیرالہ چھوڑ کر سعودی عرب گئے تھے۔ ان کی واپسی کیرالہ کی سب سے جذباتی اور طویل بیرون ملک قانونی جدوجہد کے اختتام کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔کوڈم پوزھا کے رہائشی عبد الرحیم تقریباً 20 برس قبل بہتر زندگی کی تلاش میں سعودی عرب گئے تھے۔ لیکن وہاں پہنچنے کے چند ہی ہفتوں بعد انہیں ایک حادثاتی واقعے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔یہ واقعہ ان کے سعودی کفیل کے معذور کم عمر بیٹے انس الشہری کی موت سے متعلق تھا۔ عبد الرحیم بطور ڈرائیور کام کرتے تھے اور ایک سفر کے دوران وہ اس لڑکے کے ساتھ تھے۔ اسی دوران لڑکے کی گردن سے منسلک طبی خوراکی آلہ غلطی سے الگ ہوگیا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔ واقعے کے فوراً بعد عبد الرحیم کو گرفتار کر لیا گیا۔

سعودی عدالت میں عبد الرحیم کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ان کا ہاتھ غلطی سے ایک طبی امدادی آلے سے ٹکرا گیا جو بیمار لڑکے کے جسم سے منسلک تھا۔ بعد ازاں لڑکا بے ہوش ہوگیا اور اس کی موت واقع ہوگئی۔ اگرچہ اس واقعے کو غیر ارادی قرار دیا گیا لیکن عبد الرحیم کو 24 دسمبر 2006 کو گرفتار کر لیا گیا اور 2012 میں انہیں سزائے موت سنائی گئی۔

زندگی کا سخت ترین امتحان

خاندان کا مطالبہ

کئی برسوں کی قانونی کارروائی کے بعد مقتول کے اہل خانہ نے 15 ملین سعودی ریال یعنی تقریباً 34 کروڑ 35 لاکھ بھارتی روپے بطور دیت قبول کرتے ہوئے عبد الرحیم کو معاف کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ 2 جولائی 2024 کو سعودی عدالت نے سزائے موت ختم کر دی تاہم عوامی حقوق کے تحت انہیں 20 سال قید مکمل کرنا ضروری تھا۔

سفارتی کوششیں

سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ عبد الرحیم کو 20 سال جیل میں گزارنے کے بعد معاف کر کے رہا کر دیا گیا ہے۔ سفارت خانے کے مطابق اس دوران سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا گیا اور عبد الرحیم کی خیریت پر نظر رکھی گئی۔سفارت خانے نے سعودی حکام کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بھارتی برادری کے غیر متزلزل تعاون۔ یکجہتی اور عدالتی عمل پر اعتماد کو بھی سراہا۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی برادری نے فنڈ جمع کرنے کی مہم کے ذریعے غیر معمولی مدد فراہم کی

وطن واپسی پر اپنے گھر کے باہر رشتے داروں کے ساتھ عبدالرحیم 

واپسی  کا سفر

عبد الرحیم جمعرات کی صبح ریاض سے ایئر انڈیا کی پرواز کے ذریعے کری پور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں جذبات سے مغلوب عبد الرحیم نے آنسوؤں کے ساتھ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی رہائی کے لیے طویل قانونی جنگ اور مہم میں ساتھ دیا۔بعد ازاں وہ رامنٹکارا کے علاقے کوڈم پوزھا میں واقع اپنے آبائی گھر پہنچے جہاں اہل خانہ۔ رشتہ داروں اور مقامی افراد نے تقریباً 20 برس بعد ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

خواب جو حقیقت بنا

 عبد الرحیم نے شاید سعودی جیل کی کوٹھری میں یہ منظر بے شمار بار اپنے ذہن میں دیکھا ہوگا۔ کیرالہ میں گھر کی ایک سادہ سی عید کی صبح۔ اپنی ماں کے پاس بیٹھے ہوئے جبکہ وہ ان کے سامنے کھانے پینے کی چیزیں رکھ رہی ہوں۔ برسوں تک جب جیل کی دیواروں نے انہیں دنیا سے کاٹ رکھا تھا اور ان کے سر پر سزائے موت لٹک رہی تھی تو یہ سب شاید ایک ناممکن خواب محسوس ہوتا تھا۔ لیکن جمعرات کی صبح یہ خواب خاموشی سے کوژیکوڈ کے گاؤں کوڈم پوزھا میں واقع زینت منزل کے ایک سادہ کمرے میں حقیقت بن گیا۔ عبد الرحیم اپنی والدہ فاطمہ کے پاس بیٹھے وہ کھانا کھا رہے تھے جسے وہ تقریباً دو دہائیوں سے اپنے بیٹے کو کھلانے کی منتظر تھیں۔

 ماں سے ملاقات کا ایک جذباتی منظر

عید قربان پر ملن

یہ عیدالاضحیٰ کا ایسا ملاپ تھا جس کی امید خاندان نے شاید چھوڑ دی تھی۔ عبد الرحیم بدھ کے روز سعودی جیل سے رہائی کے بعد جمعرات صبح تقریباً ساڑھے سات بجے کری پور کے کالی کٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ ان کے اہل خانہ جو برسوں سے ان کی واپسی کے لیے دعائیں اور مہم چلا رہے تھے وہاں ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

لیکن جہاز کے اترنے سے بہت پہلے ہی کوڈم پوزھا گاؤں میں بے چینی اور انتظار کی کیفیت پھیل چکی تھی۔ صبح سویرے سے ہی سینکڑوں لوگ۔ رشتہ دار۔ پڑوسی اور گاؤں والے زینت منزل پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ بہت سے لوگ عید کی خصوصی نماز ادا کرنے کے فوراً بعد وہاں آگئے تھے۔ ملابار کے اس قدیم مسلم آبائی گھر اور اس کے اطراف کی گلیاں آہستہ آہستہ ان لوگوں سے بھر گئیں جو اس شخص کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر تھے جس کی کہانی نے دنیا بھر کے ملیالی لوگوں کو جذباتی کر دیا تھا۔

تقریباً صبح 9 بج کر 15 منٹ پر انتظار ختم ہوا۔ عبد الرحیم کو لے جانے والی ایس یو وی گاؤں کی تنگ سڑک سے گزرتی ہوئی زینت منزل کے دروازے پر پہنچی۔ لوگوں کا ہجوم گاڑی کے گرد جمع ہوگیا تاکہ انہیں ایک نظر دیکھ سکے۔ عبد الرحیم واضح طور پر جذبات سے مغلوب تھے۔ انہوں نے گاڑی سے اترنے سے پہلے اردگرد جمع لوگوں کی جانب ہاتھ ہلا کر سلام کیا۔

اور ماں رو پڑی

کچھ لمحوں کے لیے وہ ہجوم کے درمیان آگے بڑھنے میں دشواری محسوس کرتے رہے کیونکہ لوگ ان سے ملنے کے لیے آگے بڑھ رہے تھے۔ گھر کے برآمدے میں ان کی والدہ فاطمہ کھڑی انتظار کر رہی تھیں۔ وقت نے ان کے چہرے پر اپنی نشانیاں چھوڑ دی تھیں لیکن ان کی نظریں صرف اپنے بیٹے پر جمی ہوئی تھیں۔

جیسے ہی عبد الرحیم گاڑی سے اترے اور دور سے اپنی والدہ کی طرف دیکھا تو فاطمہ خود پر قابو نہ رکھ سکیں۔ ان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ انہوں نے تولیے سے اپنا چہرہ ڈھانپ لیا اور کھل کر رونے لگیں۔ خاندان کے دیگر افراد جن میں عبد الرحیم کے بھائی عبد الناصر بھی شامل تھے انہیں دلاسہ دینے کی کوشش کرتے رہے۔

مان کے گلے لگ گئے

 عبد الرحیم سیدھے اپنی والدہ کی طرف بڑھے۔ جیسے ہی وہ ان کے قریب پہنچے اور ان کے ہاتھ تھامے تو فاطمہ نے انہیں مضبوطی سے گلے لگا لیا اور کئی لمحوں تک اپنا سر ان کے سینے سے لگائے رکھا۔ اردگرد موجود بہت سے لوگوں کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں۔گھر کے اندر مہمانوں کا رش تھا مگر عبد الرحیم آہستہ آہستہ اس پرانے اور مانوس گھر کی راہداریوں سے گزرتے رہے۔ وہ رشتہ داروں اور پڑوسیوں سے ملتے۔ بزرگ خواتین کو گلے لگاتے۔ بچوں کو دیکھ کر مسکراتے اور تقریباً ہر اس شخص سے محبت سے پیش آتے جو ان کے قریب آتا۔کچھ دیر کے لیے ہجوم سے دور ایک کمرے میں فاطمہ اور عبد الرحیم آخرکار ایک ساتھ بیٹھ گئے۔ والدہ نے ان کے سامنے کھانے پینے کی چیزیں رکھیں۔ یہ وہ لمحہ تھا جب ایک ماں 20 برس بعد عید کے دن اپنے بیٹے کو اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلا رہی تھی جبکہ ان تمام برسوں میں ان کے دل میں یہ خوف موجود رہا کہ شاید وہ دوبارہ اپنے بیٹے کو کبھی نہ دیکھ سکیں۔

  گھر واپسی کے بعد آنسوؤں کے ساتھ عبد الرحیم کا پہلا ردعمل تھا کہ ”میری خوشی کو بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ آج میں ہزاروں نیک دل لوگوں کی دعاؤں اور بے لوث مدد کی وجہ سے زندہ ہوں۔ میں دل کی گہرائیوں سے سب کا شکر گزار ہوں۔“